ممبئی ، 17 دسمبر (یو این آئی) مہاراشٹر کے دارالحکومت ممبئی کی گنجان مسلم آبادی والے علاقے بائیکلہ کے مومن پورہ (کالا پانی) میں مقیم ابھرتے ہوئے فٹ بال کھلاڑی حنظلہ انصاری کے لیے ایک تاریخی اور یادگار لمحہ اس وقت رقم ہوا جب انہیں عالمی شہرت یافتہ لیجنڈ فٹ بالر لیونل میسی کے ساتھ ممبئی کے دورے کے دوران ایک ہی میدان پر مشق کرنے کا موقع ملا۔ حنظلہ انصاری نے اس لمحے کو اپنے دیرینہ خواب کی تعبیر قرار دیا۔
حکومتِ مہاراشٹر کے تحت چلائے جانے والے پروجیکٹ مہادیو کے تحت منتخب کیے گئے 20 خصوصی کھلاڑیوں میں بائیکلہ مومن پورہ سے تعلق رکھنے والے حنظلہ انصاری کے ساتھ ناگپور کے عبدالمنان اور مصعب جمال کے نام بھی شامل تھے۔ خصوصی گفتگو میں حنظلہ انصاری نے کہا کہ لیونل میسی جیسے عظیم فٹ بالر کے ساتھ ایک ہی میدان پر مشق کرنا ان کے لیے ناقابلِ بیان خوشی کا باعث ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ہمیشہ میسی کو ٹی وی پر کھیلتے ہوئے دیکھتے تھے، لیکن ان کے ساتھ عملی طور پر ٹریننگ لینا ان کے حوصلے کو نئی بلندی دے گیا ہے۔
واضح رہے کہ لیونل میسی کی آمد کے موقع پر انڈر 13 اور انڈر 14 زمروں کے ہزاروں کھلاڑیوں میں سے مرحلہ وار انتخاب کے بعد پورے مہاراشٹر سے 120 بہترین فٹ بال کھلاڑی منتخب کیے گئے تھے، جن میں سے 30 کھلاڑیوں کو وانکھیڑے اسٹیڈیم میں خصوصی ملاقات اور مشق کا موقع فراہم کیا گیا۔ ان منتخب کھلاڑیوں میں ممبئی سے ایک اور ناگپور سے دو مسلم کھلاڑی بھی شامل تھے۔
حنظلہ انصاری، جو قومی سطح کے فٹ بال کھلاڑی صابر انصاری کے بھانجے ہیں، نے فٹ بال کی ابتدائی تربیت اپنے ماموں ساجد انصاری سے حاصل کی۔ بعد ازاں انہوں نے مدن پورہ کے وائی ایم سی اے گراؤنڈ میں کوچ سرفراز انصاری کی نگرانی میں الیون اسٹار ٹیم کے لیے کھیلنا شروع کیا۔ اپنی محنت اور لگن کے باعث وہ ممبئی کی مضبوط ٹیموں میں شمار ہونے والی جمعی ایف سی تک پہنچے، جہاں ان کے کھیل میں مزید نکھار آیا۔
اپنے سفر کے بارے میں بات کرتے ہوئے حنظلہ انصاری نے کہا کہ ان کی کامیابی میں ان کے والدین، نانا، ماموں ساجد انصاری اور کوچز کا نمایاں کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ان سب کی رہنمائی اور حوصلہ افزائی نہ ہوتی تو وہ اس مقام تک کبھی نہیں پہنچ پاتے۔
پروجیکٹ مہادیو کے تحت سالانہ اسکالرشپ کے لیے منتخب کھلاڑیوں میں مومن پورہ کے حنظلہ فرحان انصاری کے ساتھ ناگپور کے عبدالمنان اور مصعب جمال بھی شامل ہیں۔ اس اسکیم کے تحت منتخبنوجوان فٹ بال کھلاڑیوں کو حکومت کی جانب سے رہائش، تعلیم، خوراک اور جدید فٹ بال تربیت کی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں۔
آخر میں حنظلہ انصاری نے کہا کہ ان کا خواب ہے کہ ایک دن وہ ہندوستان کی نمائندگی کریں اور عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کریں۔ انہوں نے کہا کہ پروجیکٹ مہادیو جیسے اقدامات نوجوان کھلاڑیوں کے لیے ایک بڑی نعمت ہیں۔ منتظمین کے مطابق ان منتخب کھلاڑیوں میں مستقبل کے قومی اور بین الاقوامی سطح کے فٹ بال اسٹار بننے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے۔






