نئی دہلی، 25 نومبر (یو این آئی ) انڈین سافٹ بال کرکٹ فاؤنڈیشن (آئی ایس سی ایف) کی قیادت میں انڈین سافٹ بال کرکٹ لیگ (آئی ایس سی ایل) نے اپنی آفیشیل جرسیاں لانچ کیں اور ٹیم مالکان کا تعارف کروانے کی تقریب منعقد کی، جو پورے ہندوستان میں سافٹ بال کرکٹ کو پیشہ ورانہ شناخت دلانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
اس تقریب میں ہندوستان کے مختلف ریاستوں، شہروں اور علاقوں کی نمائندگی کرنے والی 32 ٹیموں نے حصہ لیا، جن میں پہلی بار انڈمان و نکوبار جزائر اور لکشدیپ کی ٹیمیں بھی شامل تھیں، جو حقیقی معنوں میں قومی شمولیت کی علامت ہے۔کھلاڑیوں کی فہرست بھی جاری کی گئی، جس سے میدان میں اترنے والے نوجوان کھلاڑیوں میں جوش و خروش بڑھا۔
آئی ایس سی ایل کے برانڈ ایمبیسڈر سوریش رینا کی موجودگی نے تقریب کو اور اہمیت دی، جنہوں نے سافٹ بال کرکٹ کو ملک کے ہر کونے تک پہنچانے اور نئے ٹیلنٹ کو آگے بڑھانے کے لیے حمایت کا اظہار کیا۔آئی ایس سی ایف کے فاؤنڈر گنگا دھر راجو نے کہا،
یہ لیگ ہزاروں نوجوان کھلاڑیوں کی امیدوں کی نمائندگی کرتی ہے، جو ایسے پلیٹ فارم کا انتظار کر رہے ہیں جو ان کے جذبے اور مہارت کو پہچانے۔ آئی ایس سی ایل صرف ایک ٹورنامنٹ نہیں ہے، بلکہ سافٹ بال کرکٹ کو وہ ڈھانچہ، وقار اور شناخت دینے کے لیے ایک قومی تحریک ہے جس کا یہ مستحق ہے۔ ہمارا مقصد ہے کہ دیہات، شہروں اور دور دراز علاقوں کے ٹیلنٹ کو قومی سطح پر آگے بڑھنے اور اپنے ہنر دکھانے کا موقع ملے۔برانڈ ایمبیسڈر سوریش رینا نے کہا”سافٹ بال کرکٹ میں بے پناہ صلاحیت ہے، اور آئی ایس سی ایل جیسے پلیٹ فارم کھلاڑیوں کو آگے بڑھنے کے حقیقی مواقع دیتے ہیں۔ یہ لیگ نوجوان کھلاڑیوں کو کھیل کو سنجیدگی سے لینے اور بڑے خواب دیکھنے کی تحریک دے گی۔”
کے ایس پی ایل کے پہلے دو سیزنز کی کامیابی کے بعد، آئی ایس سی ایل نے زمینی سطح کے ٹیلنٹ کو پہچاننے اور آگے بڑھانے کے اپنے عزم کا مظاہرہ کیا ہے۔
32 ٹیموں کی شمولیت کے ساتھ، آئی ایس سی ایل اب ملک کا سب سے بڑا پلیٹ فارم بن چکی ہے، جو سینکڑوں ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کے لیے پروفیشنل مواقع فراہم کرے گا۔
جرسیاں لانچ کرنا ایک نئے باب کی شروعات ہے، کیونکہ لیگ ایک ایسا سیزن پیش کرنے کے لیے تیار ہے جو مسابقتی جذبہ، کمیونٹی کی شرکت اور ملک بھر کے کھلاڑیوں کو قومی سطح پر اپنی مہارت دکھانے کے مواقع فراہم کرے گا۔







