کاٹھمنڈو، 21 نومبر (یو این آئی) نیپال کی نگراں وزیر اعظم سشیلا کارکی کی سربراہی میں قومی سلامتی کونسل نے قومی سلامتی کو مضبوط بنانے اور 5 مارچ 2026 کو ہونے والے پارلیمانی انتخابات کو آزادانہ، منصفانہ اور خوف سے پاک منعقد کرنے کو یقینی بنانے کے لیے قومی کابینہ میں نیپالی فوج کے اہلکاروں کی تعیناتی کی سفارش کی ہے ۔
نیپالی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ فیصلہ ایوان نمائندگان کے انتخابات سے قبل جمعرات کو کونسل کے اجلاس میں کیا گیا۔
ایک بیان میں، کونسل نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کی تعیناتی کی سفارش آئین کے آرٹیکل 266(1) کے تحت کی گئی ہے ، جو باڈی کو نیپال آرمی کو متحرک کرنے اور کنٹرول کی تجاویز پیش کرنے نیز قومی سلامتی اور دفاعی معاملات پر مشورہ دینے کے لیے اختیار دیتا ہے ۔
اجلاس میں کئی اندرونی ممکنہ سکیورٹی چیلنجز کا بھی جائزہ لیا گیا، جس میں ملک و بیرون ملک کی حالیہ پیش رفت پر توجہ مرکوز کی گئی اور کسی فریق ثالث کے اثر و رسوخ سے پاک آزاد، منصفانہ اور غیر جانبدار انتخابات کو یقینی بنانے کے لیے حکمت عملی وضع کی گئی۔
نیپال میں یہ اقدام جین-زی تحریک کے بعد ملک میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال کے بارے میں سیاسی جماعتوں میں بڑھتے ہوئے خدشات کے درمیان سامنے آیا ہے ۔
حال ہی میں معزول سابق وزیر اعظم کے پی شرما اولی کی قیادت والی سابقہ نیپال کمیونسٹ پارٹی (یونیفائیڈ مارکسسٹ-لیننسٹ) نے نگراں حکومت کی انتخابی معیاد کے تئیں وابستگی پر سوال اٹھایا ہے اور تحلیل شدہ ایوان نمائندگان کی بحالی کے اپنے مطالبے کو دہرایا ہے ۔
بہار کی سرحد سے متصل نیپال کے ضلع بارا میں بھی کشیدگی بڑھ گئی ہے ، جہاں بدھ کے روز جین -زی مظاہرین اور یوایم ایل کارکنوں کے درمیان جھڑپیں ہوئیں، جس کے بعد حکام نے سمارا اور پڑوسی علاقوں میں کرفیو نافذ کردیا۔ تاہم، سماجی و سیاسی بدامنی میں کمی کے کوئی آثار نظر نہیں آئے کیونکہ یہ جمعرات تک جاری رہی، جس سے قبل از انتخابات کشیدگی میں مزید اضافہ ہوا۔
تشدد پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ، وزیر اعظم کارکی نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا کہ انہوں نے سکیورٹی فورسز سمیت تمام متعلقہ ایجنسیوں کو امن، سیاسی رہنماؤں کی محفوظ نقل و حرکت اور انتخابات کے لیے محفوظ ماحول کو یقینی بناتے ہوئے انتہائی تحمل سے کام لینے کی ہدایت کی ہے ۔
توقع ہے کہ کابینہ آنے والے دنوں میں کونسل کی سفارشات پر غور کرے گی۔






