سیاستدان دعوے اور وعدے کرنے میں ماہر ہیں… ماہر کیا ‘ ہمارا ماننا ہے کہ دعوے اور وعدے کرنے کا حق صرف سیاستدانوں کو ہی ہو نا چاہئے ‘کسی عام خام کو نہیں … بالکل بھی نہیں … کہ جو بات سیاستدانوں کے دعوؤں اور وعدوں میں ہے‘ وہ کسی اور کے دعوؤں اور وعدوں میں نہیں ہے اور… اور بالکل بھی نہیں ۔ ان کے دعوؤں اور وعدوں میں رفتار ہے ‘یعنی یہ دعوے اور وعدے کرنے میں سب سے آگے رہتے ہیں‘ ان کے دعوؤں اور وعدوں میں چھل اور کپٹ ہے‘ ان کے دعوؤں اور وعدوں میں جھوٹ اور فریب ہے‘ ان کے دعوؤں اور وعدوں میں مکر اور فریب ہے … اور … اور سب سے بڑھ کر ان کے دعوؤں اور وعدوں میں ایک ادا ہے… ایسی ادا جو صرف سیاستدانوں کے پاس ہے‘ کسی اور کے پاس نہیں کہ … کہ یہ دعوے اور وعدے بھی کچھ اس ادا سے کرتے ہیں کہ اس پر یقین نہیں بلکہ سو فیصد یقین کرنے کو جی چاہتاہے ۔ آئے روز کشمیر میں سیاسی جماعتیں دعوے اور وعدے کرتی رہتی ہیں … یکساں دعوے اور وعدے ‘یہ دعوے اور وعدے ایک جیسے ہوتے ہیں…الفاظ ایک جیسے نہیں ہوتے ہیں‘ لیکن ان کا مفہوم ‘ ان کے معنی ایک جیسے ہی ہو تے ہیں… شہد اور دودھ کی نہریں بہانے کے وعدے … آسمانوں سے چاند ستارے لانے کے وعدے … غریبوں کو ختم‘ معاف کیجئے غریبی کو ختم کرنے کے وعدے …روز گار فراہم… ہر کسی کو روز گار فراہم کرنے کے وعدے … زندگی کو سہل اور آسان بنانے کے وعدے اور…اور بھی بہت کچھ ‘ لیکن صاحب جب ان دعوؤں اور وعدوں کو عملانے کی باری آتی ہے تو… تو سیاسی جماعتیں اور اللہ میاں کی قسم اس میں کوئی استثنیٰ نہیں ہے… بالکل بھی نہیں ہے… ان سب دعوؤں اور وعدوں کو مکر جاتی ہیں… اس وقت جو حکومت کررہے ہیں… وہ ابھی مکر تو نہیں گئے… لیکن کچھ کرتے بھی نہیں ہیں… ان دعوؤں اور وعدوں کو پورا کرنے کیلئے کچھ بھی نہیں کررہے ہیں… ’ہم کچھ نہیں کر سکتے ہیں ‘ کی آڑ میں ،میں یہ کچھ نہیں کررہے ہیں … لیکن … لیکن اس میں برا ماننے کی بھی کوئی بات نہیں ہے اور… اور اس لئے نہیں ہے کیوں کہ سیاستدانوں کے پاس کرنے کو تو کچھ ہو تا نہیں ہے اور … اور بالکل بھی نہیں ہو تا ہے… سوائے دعوؤں اور وعدوں کے… نہیں صاحب ہم یہ نہیں کہہ رہتے ہیں کہ سیاستدان کچھ نہیں کرتے ہیں… ما شاء اللہ وہ بہت کچھ کرتے ہیں… اپنے لئے کرتے ہیں اور… اور اپنوں کیئے بھی… عام جنتا کیلئے نہیں… آپ اور ہمارے لئے نہیں … بالکل بھی نہیں کہ… کہ آپ اور ہمارے لئے وہ دعوے اور وعدے کرتے ہیں… اور کچھ نہیں…بالکل بھی نہیں ۔ ہے نا؟




