کھیل… کوئی کھیل اب کھیل نہیں رہا…اب یہ سب کچھ ہے‘ لیکن کھیل نہیں کہ… کہ پہلے کھیل کھیلنے کیلئے کھیلا جاتا تھا… لیکن اب نہیں ۔اب کھیل ‘ روپے پیسوں کا کھیل بن گیا ہے… اور بن بھی کیوں نہ جائے کہ جب آپ کھیل کھیل میں کروڑوں نہیں بلکہ اربوں توروپے کمالیتے ہیں تو… تو کم بخت کون اسے کھیل کہے گا… سبھی اسے پیسوں کا کھیل ہی قرار دیں گے… پیسوں کے اس کھیل نے ایشیا کپ میں دو حریف ٹیموں کو مقابلے میں ایک دوسرے کیخلاف کھیلنے پر مجبور کیا… اور اس لئے کیا کہ اگر یہ کھلتیں نہیں تو کروڑوں کا نقصان ہو جاتا… ملک میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد… بلکہ بہت بڑی تعداد اس حق میں نہیں تھی… اس حق میں نہیں ہے کہ…کہ قومی ٹیم پاکستان جیسے دہشت گرد ی کی عنایت کرنے والے ملک کی قومی ٹیم سے کھیلے … لیکن ٹیم نے کھیلا ‘ پاکستان کو شکست سے دو چار بھی کیا لیکن… لیکن اللہ میاں کی قسم لوگوں کو اس جیت پر اطمینان تو ہوا لیکن انہیں وہ خوشی نہیں ملی… وہ مسرت نہیں ہو ئی جو عام طور پر پاکستان کو ہرانے پر ہوتی ہے… وجہ صاف اور واضح ہے… قومی ٹیم بھی اس حقیقت سے واقف تھی اسی لئے اس نے جیت کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں سے رسمی ہینڈ شیک کی رسم نہیں نبھائی … اس پر پاکستان آگ بگولہ ہوا … اس نے ٹورنامنٹ کا بائیکاٹ تک کرنے کی دھمکی دی … لیکن… لیکن یہ بات ہم بھی جانتے تھے اور… اور آپ بھی کہ اس کی یہ دھمکی … صرف دھمکی تھی ‘ اس سے زیادہ کچھ نہیں اور… اور ہوا بھی یہی کہ بدھ کی شام پاکستان نے متحدہ عرب امارات کیخلاف میچ کھیلا اور… اور جیت بھی لیا۔ پاکستان کے ساتھ کھیلنا یا پاکستان کا اتنی بے عزتی ہو نے کے باوجود ٹور نامنٹ میں بنے رہنے کی ایک ہی وجہ ہے… صرف ‘دوسری کوئی نہیں ‘ بالکل بھی نہیں … اور وہ ہے پیسہ… کچھ اور نہیں …کھیل میں پیسہ ہے اور اس پیسے کو سرنڈر کرنے کیلئے کوئی تیار نہیں تھا… ہم سمجھ سکتے ہیں… سو فیصد سمجھ سکتے ہیں کہ پاکستان کروڑوں روپے داؤ پر لگانے کا متحمل نہیں ہو سکتا ہے… اس لئے اس کیلئے یہ کوئی مسئلہ نہیں کہ وہ یہ پیسے عزت سے کمائے گا یا بے عزت ہو کر… لیکن صاحب ہمیں کیا ہو گیا کہ … کہ بی سی سی آئی کیلئے یہ کوئی رقم ہے ہی نہیں … بالکل بھی نہیں ہے… لیکن پھر بھی اس نے پاکستان کے ساتھ میچ کھیلا… اُس پاکستان کے ساتھ جو پہلگام حملے کا ذمہ دار ہے… جسے آپریشن سندور میں منہ کی کھانی پڑی ۔ ہے نا؟




