واشنگٹن، 17 ستمبر (یو این آئی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکہ میں ٹک ٹاک پر پابندی کی ڈیڈ لائن میں 16 دسمبر تک کا مزید اضافہ کردیا ہے ۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکہ اور چین کے درمیان ٹک ٹاک کے مستقبل سے متعلق معاہدہ طے پا گیا ہے جس کے تحت مقبول ویڈیو شیئرنگ ایپ کو امریکہ میں چلنے کی اجازت دے دی جائے گی۔
رپورٹس کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ٹک ٹاک پر ہماری ڈیل ہوگئی ہے ، میں نے چین کے ساتھ معاہدہ کرلیا ہے اور جمعہ کو چینی صدر سے اس کی باضابطہ تصدیق کروں گا۔
امریکی میڈیا کے مطابق زیرِ غور معاہدے کے تحت ٹک ٹاک کا امریکی کاروبار ایک سرمایہ کار کنسورشیم کو دیا جائے گا جس میں ٹیکنالوجی کمپنی اوریکل پرائیویٹ ایکویٹی فرم سلور لیک اور وینچر کیپیٹل فرم انڈریسن ہورووٹز شامل ہوں گی۔
واضح رہے کہ ٹک ٹاک کی مالک چینی کمپنی بائٹ ڈانس کو امریکا میں اپنے آپریشن فروخت کرنے یا پابندی کا سامنا کرنے کی ہدایت دی گئی تھی۔
ٹک ٹاک پر اب تک پابندی کی ڈیڈ لائن میں چار بار اضافہ کیا جاچکا ہے ، جبکہ تازہ توسیع کے بعد نئی تاریخ 16 دسمبر 2025 تک بڑھادی گئی ہے ۔






