جالندھر، 27 اگست (یو این آئی ) ہندوستانی فضائیہ نے پنجاب میں جالندھر کی ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر بدھ کو مقامی گورنمنٹ آرٹس اینڈ اسپورٹس کالج میں اوپن بھرتی ریلی کا آغاز کیا، جس میں بارش کے باوجود پہلے دن تقریباً چھ ہزار امیدواروں نے جوش و خروش سے حصہ لیا۔
ایس ڈی ایم آدم پور وویک کمار مودی (اضافی چارج، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈپٹی کمشنر دیہی ترقی) نے بتایا کہ ہندوستانی فضائیہ کی کھلی بھرتی ریلی صبح ساڑھے چار بجے بارش کے درمیان شروع ہوئی، جس میں ہماچل پردیش، جموں و کشمیر اور لداخ کے تقریباً چھ ہزار امیدواروں نے حصہ لیا۔ ریلی کے دوران پہلے راؤنڈ میں امیدواروں نے 1600 میٹر کی دوڑ سات منٹ میں مکمل کی۔ اس کے بعد کچھ اور جسمانی ٹیسٹ (فزیکل ٹیسٹ )کرائے گئے ۔ جسمانی ٹیسٹ کے بعد درخواست گزاروں کا تحریری ٹیسٹ بھی لیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اس تحریری امتحان میں کامیاب ہونے والے امیدواروں کو 28 اگست کو دوبارہ گروپ ڈسکشن اور دیگر نفسیاتی ٹیسٹ کے لیے بلایا جائے گا۔ نیلم مہے ڈپٹی ڈائریکٹر، ڈسٹرکٹ ایمپلائمنٹ جنریشن،ا سکل ڈویلپمنٹ اینڈ ٹریننگ بیورو نے کہا کہ ریاست پنجاب اور چندی گڑھ کے لڑکوں کی بھرتی ریلی 30 اگست کو اور لڑکیوں کی بھرتی ریلی 2 ستمبر کو منعقد کی جائے گی، انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ اس بھرتی ریلی میں بڑی تعداد میں شرکت کریں اور حکومت کے اس سنہری موقع سے فائدہ اٹھائیں۔
غور طلب ہے کہ بھرتی ریلی کے دوران جموں و کشمیر اور ہماچل پردیش کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں سے بڑی تعداد میں نوجوان بھی پہنچے ۔ ریلی کے دوران نوجوانوں کا جوش و خروش قابل ستائش تھا جن کے جوش کو بارش بھی کم نہ کر سکی۔








