سرینگر//
کلورہ ملک گنڈ شوپیاں کی زیریش اسلم کو یوم آزادی کے موقع پر راشٹرپتی بھون میں منعقد ہونے والی ’’ایٹ ہوم ریسیپشن‘‘ میں شرکت کے لیے صدر جمہوریہ ہند کی جانب سے مدعو کیا گیا ہے۔
یہ دعوت نامہ جوکہ صدر جمہوریہ کے دفتر کی جانب سے جاری کیا گیا تھا، کو محکمہ ڈاک، حکومت ہند کے ذریعے شوپیاں پوسٹ آفس سے زیریش کے گھر پہنچایا گیا۔چونکہ زیریش اس وقت دہلی میں اپنی تعلیم حاصل کر رہی ہیں، اس لیے ان کے والد‘ محمد اسلم نے ان کی جانب سے دعوت نامہ وصول کیا گیا۔
دعوت نامہ پہنچانے والی ڈاک ٹیم میں پوسٹ مین ‘مقصود جہرہ، سب ڈویڑن انسپکٹر جناب امتیاز احمد اور پوسٹ ماسٹر جناب فاروق احمد شامل تھے۔
زیریش نے دہلی سے فون پر بات کرتے ہوئے اپنی خوشی اور جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ’’صدر جمہوریہ ہند کی جانب سے ’ایٹ ہوم ریسیپشن‘ میں شرکت کی دعوت حاصل کرنا انتہائی فخر کا لمحہ ہے، نہ صرف میرے لئے ذاتی طور پر بلکہ ان تمام لوگوں کے لیے بھی جنہوں نے میرے اس سفر میں میری حمایت کی۔ یوم آزادی ہمیشہ قومی وقار کی علامت رہا ہے، لیکن اس سال یہ دن میرے لیے مزید گہرے اور ذاتی جذبات کا حامل ہے، جسے میں زندگی بھر یاد رکھوں گی۔‘‘
زیریش کی ’پریرنا امتحان ‘میں شاندار کارکردگی اور صدر جمہوریہ کے دفتر کی جانب سے ان کی پذیرائی نے نہ صرف ان کے خاندان بلکہ پورے شوپیاں علاقے کے لیے فخر کا باعث بن کر جموں و کشمیر میں قابلیت اور خودمختاری کی ایک روشن مثال قائم کی ہے۔
محمد اسلم نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ’’صدر جمہوریہ کے دفتر سے دعوت نامہ ملنا ہمارے لیے ایک ایسا اعزاز ہے جسے کسی انعام سے کم نہیں سمجھا جا سکتا۔ اس سال یوم آزادی، جو ہر ہندوستانی کے لیے فخر کا دن ہوتا ہے، ہمارے خاندان کے لیے ایک خاص اور یادگار موقع بن گیا ہے۔‘‘
اسلم نے اپنے بھائی منظور احمد کے ہمراہ مزید کہا: ’’ہم اس باوقار پذیرائی کے لئے صدر جمہوریہ ہند کے بے حد شکر گزار ہیں۔ آج کے دور میں جب بیٹیاں ہر میدان میں کامیابیاں حاصل کر رہیں ہیں، زیریش کی یہ کامیابی اس یقین کو اور مضبوط کرتی ہے۔ ہم اس اعزاز کے لئے صدر جمہوریہ کے دفتر، حکومت ہند اور مرکزی انتظامیہ جموں و کشمیر کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتے ہیں، جو ہمارے خاندان کے لیے ہمیشہ یادگار رہے گا۔‘‘










