نئی دہلی//لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے ریاستی اسمبلیوں سے کہا ہے کہ قانون سازی کے کاموں کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا بھرپور استعمال کیا جانا چاہیے اور اس کام میں کارکردگی حاصل کرنے کے لیے جو بھی ضروری ہوگا، ان کی مدد کی جائے گی۔
ہماچل پردیش کے دھرم شالہ میں کامن ویلتھ پارلیمانی ایسوسی ایشن انڈیا ریجن زون-2 کی سالانہ کانفرنس کا افتتاح کرتے ہوئے مسٹر برلا نے پیر کو کہا کہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) نئی ٹیکنالوجی کی اختراع کے لیے اہم ہے اور اس طرح کی نئی ٹیکنالوجی کو قانون سازی کے کاموں میں استعمال کیا جانا چاہیے ۔ ریاستی اسمبلیوں کو یقین دلاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اختراعات کو اپنانے کے لیے انہیں جو بھی تکنیکی مہارت درکار ہوگی، ہندوستان کی پارلیمنٹ فراہم کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ وسائل کے انتظام، جمہوریت کے تحفظ اور اے آئی وغیرہ جیسی اختراعات کو اپنا کر مقننہ کو مزید موثر بنانے کی ضرورت ہے اور اس کے لیے جو بھی مدد درکار ہوگی وہ پارلیمنٹ فراہم کرے گی۔