سرینگر//
ناظم اطلاعات جموں و کشمیرنتیش راجورہ نے آج ڈائریکٹوریٹ آف اِنفارمیشن اینڈ پبلک ریلیشنزسری نگر میں اَفسران کی ایک میٹنگ کی صدارت کی جس میںآئندہ شری اَمرناتھ جی یاترا ( سانجی)کے اِنتظامات کا جائزہ لیا گیا۔
میٹنگ کے شروعات میںناظم اطلاعات نے پبلک ایڈریس سسٹم (پی اے ایس) کی تنصیب، عملے کی تعیناتی اور میڈیا و تشہیری منصوبے کی تیاری سمیت دیگر انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
راجورہ نے تمام مقررہ مقامات پر مربوط اور مؤثر عملے کی تعیناتی اور ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا۔ اُنہوں نے قبل از وقت تیاری کو لازمی قرار دیتے ہوئے ہدایت دی کہ تمام مخصوص مقامات پر پبلک ایڈریس سسٹم (پی اے ایس) کی بروقت اور مؤثر تنصیب کو یقینی بنایا جائے تاکہ یاتریوں کی سہولیت میں اِضافہ ہو۔
ناظم اطلاعات نے ہدایت دی کہ تمام نشاندہی شدہ مقامات پر ہورڈنگوں، بینروں اور دیگر تشہیری مواد کی تنصیب کے اِنتظامات پیشگی مکمل کئے جائیں۔
راجورہ نے واضح ہدایت دی کہ تمام مقررہ سٹیشنز مکمل طور پر فعال رہیں اور پوتر یاترا کے اِختتام تک کسی قسم کی رُکاوٹ نہ آئے۔ میٹنگ میں انہیں عملے کی دستیابی اور ضروری آلات و مشینری کی تنصیب کی موجودہ صورتحال سے بھی آگاہ کیا گیا۔
ناظم اطلاعات نے یاترا سے متعلق اہم معلومات پھیلانے کیلئے مؤثر تشہیری مہمات کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
میٹنگ میں جوائنٹ ڈائریکٹر ہیڈکوارٹرز ویویک پوری، جوائنٹ ڈائریکٹر کشمیر سیّدشاہنواز احمد بخاری، جوائنٹ ڈائریکٹر جموں دیپک دوبے، ڈِپٹی ڈائریکٹر اِنفارمیشن پی آر، ڈپٹی ڈائریکٹرسینٹرل، متعلقہ ضلعی اِنفارمیشن اَفسران اور دیگر افسران نے شرکت کی۔