میلبورن// آسٹریلیا نے منگل کے روز جنوبی افریقہ کے خلاف 11 جون سے شروع ہونے والے آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ (ڈبلیو ٹی سی) فائنل کے لیے پیٹ کمنز کی قیادت میں 15 رکنی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔
سلیکٹرز نے انجری سے صحت یاب ہونے والے تیز گیند باز جوش ہیزل ووڈ اور آل راؤنڈر کیمرون گرین کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔ ٹیم میں مچل اسٹارک، ا سکاٹ بولینڈ اور تجربہ کار بلے بازوں کے طور پر عثمان خواجہ، مارنس لیبوشین، اسٹیو اسمتھ، ٹریوس ہیڈ اور وکٹ کیپر ایلکس کیری کو جگہ دی گئی ہے۔ جوش انگلس کو بھی بیک اپ وکٹ کیپر کے طور پر شامل کیا گیا ہے، جبکہ نوجوان بلے باز سیم کونسٹاس کو بھی ٹیم میں جگہ ملی ہے۔ بائیں ہاتھ کے اسپنر میٹ کوہنیمن کو اسپن آپشن کے طور پر ناتھن لیون کے ساتھ شامل کیا گیا ہے۔
آسٹریلیائی سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین جارج بیلی نے کہا، "یہ ایک متوازن اور تجربہ کار ٹیم ہے، اور ہم خوش قسمت ہیں کہ پیٹ، جوش اور کیم فٹ ہو کر واپس آئے ہیں۔ ٹیم ڈبلیو ٹی سی ٹائٹل کے دفاع اور لارڈز میں جنوبی افریقی ٹیم کا مقابلہ کرنے کے لیے پرجوش ہے۔”
ڈبلیو ٹی سی فائنل کے لیے آسٹریلوی ٹیم اس طرح ہے:
پیٹ کمنز (کپتان)،ا سکاٹ بولینڈ، ایلکس کیری، کیمرون گرین، جوش ہیزل ووڈ، ٹریوس ہیڈ، جوش انگلس، عثمان خواجہ، سیم کونسٹاس، میٹ کوہنیمن، مارنس لیبوشین، ناتھن لیون، اسٹیو اسمتھ (نائب کپتان)، مچل اسٹارک اور بیو ویبسٹر۔