نئی دہلی/ رائے پور،//وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کو چھتیس گڑھ کے رائے پور میں ساراگاؤں سڑک حادثہ پر دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے مرنے والوں کے لواحقین کے لیے مالی امداد کا بھی اعلان کیا ہے ۔
پی ایم او نے اپنے ٹویٹ میں کہاکہ چھتیس گڑھ کے رائے پور میں سڑک حادثے میں لوگوں کی موت سے گہرا دکھ ہوا ہے ۔ اپنے پیاروں کو کھونے والوں کے تئیں تعزیت کرتا ہوں۔ میں زخمیوں کے جلد صحت یاب ہونے کی خواہش کرتا ہوں۔وزیر اعظم مودی نے کہا، "ہر مرنے والوں کے لواحقین کو وزیر اعظم کے قومی ریلیف فنڈ سے 2 لاکھ روپے کی ایکس گریشیا رقم دی جائے گی۔ زخمیوں کو پچاس پچاس ہزار روپے دیے جائیں گے ۔”
خیال رہے کہ چھتیس گڑھ کی راجدھانی رائے پور میں ساراگاؤں کے نزدیک کھرورا علاقے میں اتوار کی رات ایک سڑک حادثہ پیش آیا، جس میں 13 لوگوں کی موقع پر ہی موت ہو گئی اور 14 دیگر شدید طورپر زخمی ہو گئے ۔