کولمبو، // جمیما روڈریگس (123) کی سنچری، دیپتی شرما (93) اور اسمرتی مندھانا (51) کی نصف سنچریوں کے بعد امنجوت کور کی قیادت میں شاندار گیندبازی کی بدولت ہندوستانی خواتین نے سہ فریقی سیریز کے پانچویں میچ میں بدھ کو جنوبی افریقہ کی خواتین ٹیم کو 23 رن سے شکست دے دی۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم تین شکست کے سبب سہ فریقی سیریز سے باہر ہو گئی۔ اتوار کو فائنل میں ہندستان کا مقابلہ سری لنکا سے ہوگا۔
338 کے بڑے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ کی شروعات خراب رہی اور اس نے لارا گڈال (چار) کی شکل میں پہلی وکٹ گنوا دی۔ میان اسمیٹ نے اس کے بعد تیجمن برٹس کے ساتھ دوسری وکٹ کے لیے 63 رن جوڑے۔ امنجوت کور نے 15ویں اوور میں تیجمن برٹس (26) کو آؤٹ کر کے اس شراکت کو توڑا۔ میان اسمٹ (39) کو دیپتی شرما نے آؤٹ کیا۔ جنوبی افریقہ نے اپنا چوتھا وکٹ نونڈومیسو شانگاسے (36) کی صورت میں گنوایا۔ سینالو جافٹا (21) رن بناکر آؤٹ ہوئی۔ این ڈرکسن نے 80 گیندوں پر پانچ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 81 رن بنائے۔ کپتان کلوئی ٹریون 43 گیندوں پر (67) رن بناکر دیپتی شرما کے ہاتھوں بولڈ ہو ئی، جس سے جنوبی افریقہ کی میچ جیتنے کی امیدوں پر پانی پھر گیا۔ 48 اووروں کے بعد امپائر ہرمن پریت کور نے بلے بازوں سے کم روشنی کے بارے میں بات کی اور خراب روشنی کی وجہ سے میچ روک دیا گیا ہے۔ روشنی بہتر ہونے کے بعد میچ دوبارہ شروع ہوا۔ لیکن جنوبی افریقہ کی ٹیم مقررہ 50 اووروں میں سات وکٹ پر 314 رن ہی بنا سکی اور 23 رن سے میچ ہار گئی۔ نادین ڈی کلرک (22) اور سن لوئس (دو) ناٹ آؤٹ رہیں۔
ہندستان کی طرف سے امنجوت کور نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ دیپتی شرما نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ شری چرنی اور پرتیکا راول نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل آج جنوبی افریقہ کی خواتین ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ بیٹنگ کے لیے اترنے والی ہندوستانی ٹیم کا آغاز اچھا نہیں رہا اور اس نے 50 کے اسکور پر اس کی تین وکٹیں گنوا دیں۔پرتیکا راول (1)، ہرلین دیول (4) اور کپتان ہرمن پریت کور (28) رن بناکر آؤٹ ہوئیں۔ اس کے بعد جمیما روڈریگس بیٹنگ کے لیے آئیں اور اسمرتی مندھانا کے ساتھ مل کر اننگز کی ذمہ داری سنبھالی اور تیسرے وکٹ کے لیے 88 رن جوڑے۔ کلوئی ٹریون نے 24ویں اوور میں اسمرتی مندھانا (51) کو آؤٹ کر کے شراکت کا خاتمہ کیا۔ بعد میں دیپتی شرما نے جمائمہ روڈریگز کے ساتھ مل کر چوتھی وکٹ کے لیے 122 رن جوڑے۔ 43ویں اوور میں ایم کلاس نے جمائمہ کو آؤٹ کر کے جنوبی افریقہ کو پانچویں کامیابی دلائی۔ جمائمہ نے 101 گیندوں میں 15 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 123 رن بنائے۔ ریچا گھوش (23) رن بناکر آؤٹ ہوئیں۔ دیپتی شرما اپنی سنچری سے محروم رہ گئیں۔ انہوں نے 84 گیندوں میں 10 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 93 رن بنائے۔ ہندوستانی ٹیم نے مقررہ 50 اووروں میں نو وکٹ پر 337 رن کا بڑا سکور بنایا۔