اقوام متحدہ//
اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انٹونیو گوٹیرس چند ہفتوں میں رکن ممالک کے سامنے تنظیم میں اصلاحات کی تجاویز پیش کریں گے۔
اقوام متحدہ کے ترجمان اسٹیفن ڈوجارک نے جمعہ کو یہ اطلاع دی۔ مسٹر گوٹیرس نے مارچ میں یو این-80 پہل کے آغاز کا اعلان کیا، جس میں اخراجات کو بہتر بنانے کے لیے اس کے آپریشنز کا آڈٹ شامل ہے۔ یہ اصلاحات امریکہ کی جانب سے اقوام متحدہ کے بجٹ تعاون میں کٹوتی اور انسانی ہمدردی کے پروجیکٹوں کی فنڈنگ پر ٹرمپ انتظامیہ کے موقف کے درمیان کی جارہی ہیں۔
مسٹر دوجارک نے ایک بریفنگ میں کہا ’’سکریٹری جنرل اگلے چند ہفتوں میں رکن ممالک کو رپورٹ کریں گے، کیونکہ ہمیں ان کی اصلاحات کے لئے ان کی شراکت داری کی ضرورت ہوگی، ہمیں ان کی رضامندی کی ضرورت ہوگی اور ہمیں ان کے عزم کی ضرورت ہوگی‘‘۔
ترجمان نے کہا کہ یہ کام متعلقہ پہل کے حصے کے طور پر تین سمتوں یعنی وسائل کی اصلاح، مینڈیٹ کی تنظیم نو اور اقوام متحدہ کے نظام کے اندر ساختی تبدیلی پر مرکوز ہے۔