نئی دہلی///
بھارتی کرکٹ لیگ آئی پی ایل میں غیرقانونی سرگرمیوں کی گونج شروع ہوگئی، بھارتی کرکٹ بورڈ نے اس حوالے سے الرٹ بھی جاری کردیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بی سی سی آئی نے ٹیموں کو وارننگ جاری کی ہے کہ ممکنہ طور پر کاروباری شخصیت آئی پی ایل سے متعلقہ لوگوں کو پھنسا سکتی ہے۔
بھارتی کرکٹ بورڈ نے ٹیم مالکان، کھلاڑیوں، کوچز، ٹیم آفیشلز، سپورٹ اسٹاف اور کمنٹیٹرز کو خبردار کر دیا۔
آئی پی ایل اینٹی کرپشن سیکیورٹی یونٹ کا کہنا ہے کہ حیدرآباد دکن سے تعلق رکھنے والی کاروباری شخصیت لیگ میں ملوث افراد کے ساتھ دوستی بڑھا سکتی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق متعلقہ کارورباری شخصیت کے تعلقات بکیز کے ساتھ ہیں اور ماضی میں کرپٹ سرگرمیوں میں ملوث رہی ہے۔ آئی پی ایل اینٹی کرپشن سیکیورٹی یونٹ نے کاروباری شخصیت کے ساتھ کسی بھی قسم کے تعلق کو رپورٹ کرنے کی ہدایت کی ہے۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ اینٹی کرپشن سیکیورٹی یونٹ کی تمام ٹیموں اور کھلاڑیوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا کہ مشکوک شخص اپنے ہدف کو مہنگے تحفے اور جیولری کا لالچ دے کر پھنساتا ہے۔ مذکورہ کاروباری شخص پرائیویٹ پارٹیز میں بلانے اور ٹیم ممبرز کے فیملیز کو گفٹ دینے کی کوشش کر رہا ہے، مذکورہ شخص آئی پی ایل میں شامل افراد کے قریب آنے کی کوشش کر رہا ہے، اسے ٹیم ہوٹلز اور میچز کے دوران دیکھا گیا ہے۔