احمد آباد// راجستھان رائلز (آر آر) کے کپتان سنجو سیمسن پر بدھ کو گجرات ٹائٹنز کے خلاف آئی پی ایل 2025 کے میچ کے دوران سلو اوور ریٹ کی وجہ سے 24 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔
آئی پی ایل کے اس سیزن میں یہ دوسرا موقع ہے کہ سست اوور ریٹ کی خلاف ورزی پر آر آر پر جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ آئی پی ایل کوڈ آف کنڈکٹ کے آرٹیکل 2.22 کے تحت، دوسری بار اوور ریٹ کے اصول کی خلاف ورزی کرنے پر کپتان پر 24 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا جاتا ہے۔
اس سیزن سے کپتان کو تیسرے جرم پر معطل نہیں کیا جائے گا، یہ صرف مالی جرمانے تک محدود رکھا گیا ہے۔ اس قاعدے کے مطابق میچ میں کھیلنے والے تمام گیارہ کھلاڑیوں کے علاوہ امپیکٹ پلیئر بھی شامل ہیں۔ انہیں یا تو 6 لاکھ روپے یا اپنی میچ فیس کا 25 فیصد (جو بھی کم ہو) جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔
خیال ر ہے کہ آر آر کی پہلی اوور ریٹ غلطی گزشتہ ماہ چنئی سپر کنگز (سی ایس کے) کے خلاف ہوئی تھی جب سنجو سیمسن انگلی کی چوٹ کی وجہ سے ایک امپیکٹ کھلاڑی کے طور پر کھیلے تھے اور ریان پراگ ٹیم کی کپتانی کر رہے تھے۔ اس میچ کے بعد ریان پر 24 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔