سرینگر/
مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے منگل کو کہا کہ مزید تین علاحدگی پسند تنظیموں، جموں کشمیر اسلامک پولیٹیکل پارٹی، جموں و کشمیر مسلم ڈیموکریٹک لیگ اور کشمیر فریڈم فرنٹ نے حریت کانفرنس سے الگ ہونے کا اعلان کیا ہے ۔
وزیر داخلہ جو پیر کی شام کشمیر پہنچے ، نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ پر اس کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے وزیر اعظم نریندر مودی کے متحد اور طاقتور بھارت کے وژن کو مزید تقویت ملی ہے ۔
شاہ نے’ایکس‘پر ایک پوسٹ میں کہا’’تین مزید تنظیموںِ جموں کشمیر اسلامک پولیٹیکل پارٹی، جموں و کشمیر مسلم ڈیموکریٹک لیگ اور کشمیر فریڈم فرنٹ نے خود کو حریت کانفرنس سے الگ کر لیا ہے ‘‘۔
ان کا کہنا ہے کہ یہ اقدام وادی کے اندر ہندوستان کے آئین پر لوگوں کے اعتماد کا ایک نمایاں اظہارہے ۔
شاہ نے کہا’’متحدہ اور طاقتور بھارت کیلئے مودی جی کا وژن آج اور بھی مضبوط ہے ، کیونکہ اب تک ایسی ۱۱تنظیموں نے علیحدگی پسندی کو ترک کر دیا ہے اور اس کی غیر متزلزل حمایت کا اعلان کیا ہے ‘‘۔
واضح رہے کہ اگست ۲۰۱۹میں دفعہ۳۷۰کی منسوخی کے بعد حریت کانفرنس عملی طور پر معدوم ہو چکی ہے ۔
وزیر داخلہ امیت شاہ اپنے تین روزہ دورہ جموں و کشمیر پر ہیں۔ وہ منگل کو اپنے دورے کے آخری روز سرینگر میں دو اہم میٹنگوں کی صدارت کریں گے ۔