جموں//
جموںکشمیر حکومت نے پیر کے روز انکشاف کیا کہ مرکز کے زیر انتظام علاقے میں۲۰۲۴کے اسمبلی انتخابات کے انعقاد پر ۱۵۵کروڑ روپئے خرچ کئے گئے ہیں۔
ایم ایل اے کپواڑہ میر محمد فیاض کی جانب سے پیش کی گئی کٹوتی کی تحریک کا جواب دیتے ہوئے الیکشن ڈپارٹمنٹ کے انچارج وزیر جاوید احمد ڈار نے اسمبلی کو بتایا کہ۲۰۱۴ کے اسمبلی انتخابات کے انعقاد پر ۱۵۰کروڑ روپے خرچ کئے گئے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ انتخابات سے واجبات کی ادائیگی کیلئے فنڈز کا اجراء حکومت کے زیر غور ہے۔
وزیر نے کہا’’حال ہی میں ہوئے اسمبلی انتخابات پر۱۵۵ کروڑ روپے خرچ ہوئے۔ واجبات کی ادائیگی کیلئے فنڈز جاری کرنے کا معاملہ فعال طور پر زیر غور ہے‘‘۔
گزشتہ سال ستمبر اور اکتوبر کے دوران تین مرحلوں میں انتخابات ہوئے تھے۔ نیشنل کانفرنس۴۲ نشستوں کے ساتھ سب سے بڑی پارٹی کے طور پر ابھری جبکہ اس کی حلیف کانگریس نے چھ نشستیں حاصل کیں۔ بی جے پی نے۲۹؍ اور پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی نے۳ نشستیں حاصل کیں۔
جموں و کشمیر پیپلز کانفرنس (پی سی)، کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسوادی) (سی پی آئی (ایم) اور عام آدمی پارٹی (اے اے پی) نے ایک ایک نشست پر کامیابی حاصل کی جبکہ آزاد امیدواروں نے سات نشستوں کا دعویٰ کیا۔