جموں//
سری نگر جموں شاہراہ پر ڈگڈول رام بن کے نزدیک ایک گاڑی گہری کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں ڈرائیور سمیت دو افراد کی موت واقع ہوئی ہے ۔
اطلاعات کے مطابق ہفتے کے روز ڈگڈول رام بن کے نزدیک ایک ٹاٹا موبائیل گاڑی ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر گہری کھائی میں جاگری۔
حادثے کی اطلاع موصول ہوتے ہی پولیس اور مقامی لوگ جائے حادثہ پر پہنچے اور زخمیوں کو علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا جہاں پر تعینات ڈاکٹروں نے ڈرائیور سمیت دو افراد کو مردہ قرار دیا۔
متوفین کی شناخت ڈرائیور سیوا سنگھ اور ارشاد احمد ساکنان اکھرال کے بطور کی گئی ہے ۔
دریں اثنا پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ۔
دریں اثنا پونچھ ضلع میں ایس کے پل پر ہفتے کی صبح ایک گاڑی کو حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں۱۴مسافر زخمی ہوئے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق ہفتے کی صبح پونچھ میں اس وقت سراسیمگی پھیل گئی جب ایک گاڑی ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو کر حادثے کا شکار ہوئی۔
معلوم ہوا ہے کہ حادثے کی اطلاع موصول ہوتے ہی پولیس اور مقامی لوگ جائے حادثہ پر پہنچے اور زخمیوں کو طبی امداد کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا۔
ہسپتال کی سپر انٹنڈنٹ ڈاکٹر نصرت نے نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کہاکہ ہفتے کی صبح نو بجکر۳۰منٹ پر شیر کشمیر پل پر حادثہ پیش آنے کے نتیجے میں ۱۴؍افراد زخمی ہوئے ۔انہوں نے کہاکہ زخمیوں میں سے سات کی پہچان فرید احمد، نسیم اختر، مریم ، بابو خان، شگفتہ کوثر، آزیہ بخاری اور منظور احمد کے بطور ہوئی ہے ۔
ان کے مطابق حادثہ کیسے اور کن حالات میں پیش آیا اس کی پولیس نے تحقیقات شروع کی ہے ۔