سرینگر//
نائب وزیر اعلیٰ سریندر کمار چودھری نے آج کہا کہ جو بھی منتخب حکومت کو کمزور کرنے کی کوشش کرے گا وہ ناکام ہو جائے گا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ پولیس جموں و کشمیر میں لاپتہ افراد کے حالیہ معاملوں کی مکمل تحقیقات کرے گی۔
چودھری نے سرینگر میں نامہ نگاروں سے کہا کہ خدا منتخب حکومت کی حفاظت کیلئے موجود ہے اور جو لوگ اسے کمزور کرنے کی کوشش کریں گے وہ کامیاب نہیں ہوں گے۔
کٹھوعہ اور کولگام اضلاع میں لاپتہ افراد کے واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے جن کی لاشیں بعد میں ملی تھیں ، نائب وزیر اعلی نے ان واقعات کو ’بدقسمتی‘ قرار دیا۔
نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ واقعات افسوسناک ہیں اور ان پر غور کیا جانا چاہیے۔ ’’چونکہ پولیس لیفٹیننٹ گورنر کے ماتحت کام کرتی ہے، اس لئے وہ اس معاملے کا نوٹس لیں گے۔ جموں و کشمیر کے لوگ امن پسند ہیں اور اس طرح کے واقعات دوبارہ نہیں ہونے چاہئیں‘‘۔
چودھری نے یقین دلایا کہ پولیس سچائی کو بے نقاب کرنے کیلئے ان اموات کی تحقیقات کرے گی اور جو بھی قصوروار پایا جائے گا اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
ان کاکہنا تھا’’حکومت عوام کے تحفظ کیلئے ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ ہم ایسی صورتحال کو کبھی برداشت نہیں کریں گے جہاں لوگ مارے جائیں اور کوئی کارروائی نہ کی جائے۔ عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت یہاں لوگوں کی حفاظت کیلئے ہے اور ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑی رہے گی‘‘۔
نائب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ نیشنل کانفرنس نے جو لوگوں کے ساتھ وعدے کئے ہیں ان تمام وعدوں کو وقت کے ساتھ ساتھ پورا کیا جائے گا۔انہوں نے ساتھ ہی کہا کہ تاہم ہمیں لوگوں کے ساتھ کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے کیلئے وقت در کار ہے ۔
چودھری نے کہا’’شہر میں آبادی کافی گنجان ہے ، آبادی بڑھ رہی ہے ، ٹریفک بڑھ رہا ہے ، لوگ کس طرح آرام سے چل پھر سکیں اس کو دیکھنے کیلئے ہم شہر کا دورہ کر رہے ہیں‘‘۔ان کاکہنا تھا کہ تھا کہ مولانا آزاد سے راج باغ تک مجوزہ فلائی اوور پر کام جلد شروع کیا جائے گا ۔
نائب وزیر اعلیٰ کا برزلہ ہسپتال کے بارے میں کہنا تھا’’یہ ایک ماڈرن ہسپتال ہے جہاں بہت ہی قابل ڈاکٹر موجود ہیں، یہاں جو فیڈ بیک ہمیں ملا تو خوشی ہوئی کہ یہاں کے ڈاکٹر اچھی طرح سے مریضوں کا علاج کر رہے ہیں‘‘۔
چودھری نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کے لیڈروں ڈاکٹر فاروق عبداللہ اور وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کے دلوں میں جموں و کشمیر کے لوگوں کیلئے درد ہے ۔انہوں نے کہا’’ہم لوگوں کی امیدوں پر پورا اترنے کی کوشش کر رہے ہیں‘‘۔
ان کا کہنا تھا کہ جو نیشنل کانفرنس نے لوگوں کے ساتھ الیکشن کے دوران وعدے کئے ہیں ان تمام وعدوں کو پورا کیا جائے گا لیکن ہمیں اس کیلئے وقت درکار ہے ۔
وزیر اعظم کے پاکستان کے متعلق ریمارکس کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہا’’وزیر اعظم کے بیان پر مجھے کوئی رد عمل ظاہر کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے انہوں نے جو بات کہی ہوگی سوچ سمجھ کر کہی ہوگی‘‘۔
ریزرویشن پالیسی کے بارے میں پوچھے جانے والے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس کے لئے ایک کمیٹی بنی ہے جو کام شروع کرکے اپنی سفارشات پیش کرے گی۔
کپوارہ کے ہندوارہ میں ہونے و الے انکائونٹر کے بارے میں پوچھے جانے پر چودھری نے کہا’’ہم اس کی مذمت کرتے ہیں، حالات پر امن رہنے چاہئے جو ہندوستان یا جموں وکشمیر کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ان کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا‘‘۔
نائب وزیر اعلیٰ نے کہا’’جموں کشمیر مضبوط ہے اور ہم اکٹھے ہیں جو بھی ملک کے خلاف کوئی حرکت کرے گا اس کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔‘‘










