ڈھاکہ//بنگلہ دیش کے وکٹ کیپر بلے باز مشفق الرحیم نے بدھ کی رات دیر گئے بین الاقوامی ایک روزہ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔
خراب فارم سے نبرد آزما ہونے والے مشفق نے اپنے فیس بک پیج پر ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔ وہ سال 2022 میں ٹی ٹوئنٹی سے ریٹائر ہو چکے ہیں۔
مشفق نے اپنے فیس بک صفحہ پر لکھا، “میں آج ون ڈے فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر رہا ہوں۔ الحمدللہ ہر چیز کے لیے۔ عالمی سطح پر میری کامیابیاں محدود رہیں۔ میں جب بھی اپنے ملک کے لیے کھیلنے کے لیے میدان میں آیا، میں نے پوری لگن اور ایمانداری کے ساتھ 100 فیصد سے زیادہ دیا۔ گزشتہ چند ہفتے میرے لیے چیلنجنگ رہے ہیں اور میں نے محسوس کیا کہ یہ میرا مقدر ہے۔”
انہوں نے کہا کہ میں اپنے خاندان، دوستوں اور مداحوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جن کے لیے میں نے گزشتہ 19 سال سے کرکٹ کھیلی۔
مشفق کو چیمپئنز ٹرافی میں بھی جدوجہد کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ وہ ہندوستان کے خلاف صفر اور نیوزی لینڈ کے خلاف صرف دو رنز پر آؤٹ ہوئے تھے۔ انہوں نے آخری ون ڈے نصف سنچری گزشتہ سال مارچ میں سری لنکا کے خلاف بنائی تھی۔ اس کے بعد انجری کی وجہ سے وہ نومبر میں افغانستان کے خلاف دو ون ڈے اور نومبر دسمبر میں ویسٹ انڈیز کے دورے میں ٹیم کا حصہ نہیں تھے۔
مشفق نے بنگلہ دیش کے لیے 250 سے زیادہ ون ڈے کھیلے ہیں۔ وہ بنگلہ دیش میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے دوسرے کھلاڑی ہیں۔ انہوں نے 274 میچوں میں 36.42 کی اوسط سے 7795 رنز بنائے جس میں 9 سنچریاں اور 49 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ انہوں نے بطور وکٹ کیپر بلے بازسات سنچریاں اسکور کیں اور وہ کمار سنگاکارا، ایڈم گلکرسٹ اور ایم ایس دھونی سے پیچھے ہیں۔
ان سے پہلے ون ڈے کرکٹ میں بنگلادیش کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے تمیم اقبال ہیں جنہوں نے 8 ہزار 357 رنز بنائے ہیں۔وکٹوں کے پیچھے مشفق الرحیم نے بنگلادیش کی جانب سے سب سے زیادہ 299 شکار کیے جن میں 243 کیچ اور 56 اسٹمپ شامل ہیں۔