جموں//
جموںکشمیر میں مختلف سڑک حادثوں میں ایک پولیس اہلکار سمیت ۴ لوگوں کی موت ہو ئی ہے ۔
جموں کے گڑی گڑھ علاقے میں جمعرات کی صبح ایک سڑک حادثے میں ایک پولیس اہلکار کی موت واقع ہوئی۔
پولیس ذرائع نے بتایا کہ جموں کے گڑی گڑھ علاقے میں جمعرات کی صبح ایک موٹر سائیکل اور رنبیر سنگھ پورہ سے آرہی ایک ای بس کے درمیان ٹکر ہوگئی جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار کی بر سر موقع ہی موت واقع ہوئی۔
متوفی کی شناخت من پریت سنگھ ساکن بستی گوند پورہ کے طور پر کی گئی ہے جو جموں وکشمیر پولیس میں سلیکشن گریڈ کانسٹبل کے بطور تعینات تھا۔انہوں نے کہا کہ بس کو ضبط کیا گیا ہے اور بس ڈرائیور کی بھی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے ۔
اس دوران وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام کے اولڈ ٹائون میں ایک سڑک حادثے میں ایک ٹیچر کی موت واقع ہوئی۔
ذرائع نے بتایا کہ اولڈ ٹائون بڈگام میں جمعرات کو ایک خاتون ایک ڈمپرکی زد میں آگئی۔انہوں نے کہا کہ گرچہ اس کو علاج و معالجے کیلئے فوری طور پر ضلع ہسپتال پہنچایا گیا لیکن وہاں موجود ڈاکٹروں نے اس کو مردہ قرار دیا۔
متوفی کی شناخت شائستہ زوجہ فاروق احمد ڈار ساکن ہاوئسنگ کالونی اوم پورہ کے طور پر کی گئی ہے جو پیشے سے ایک سرکاری ٹیچر تھیں۔
دریں اثنا پولیس نے اس ضمن میں ایک کیس درج کرکے مزید کارروائی شروع کی ہے۔
ریاسی جموں کے مجالتا علاقے میں موٹر سائیکل کو حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں دو نوجوانوں کی برسر موقع ہی موت واقع ہوئی۔
اطلاعات کے مطابق ریاسی کے مجالتا علاقے میں اس وقت سنسنی کا ماحول پھیل گیا جب ایک نامعلوم گاڑی نے موٹر سائیکل کو زور دار ٹکر ماری جس وجہ سے دو نوجوان شدید طورپر زخمی ہوئے ۔
معلوم ہوا ہے کہ حادثے میں زخمی ہوئے نوجوانوں کو علاج ومعالجہ کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ وہاں پر جانبر نہ ہوسکے ۔
متوفین کی شناخت ۳۲سالہ وجے کمار ولد نند لال بھگت ساکن کبیر محلہ ریاسی اور۲۷سالہ ونود کمار شرما ساکن رامکوٹ کٹھوعہ کے بطور کی گئی ہے ۔
دریں اثنا پولیس نے ان حادثات کے حوالے سے کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی ۔