جالندھر// پنجاب میں جالندھر دیہی پولیس نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے پرتشدد تصادم میں ملوث 11 افراد کو گرفتار کرلیا ہے ۔ مختلف پلیٹ فارمز پر وسیع پیمانے پر گردش کرنے والی اس ویڈیو میں فلور میں جالندھر بائی پاس ریلوے لائن کے نزدیک مردوں کو ہتھیاروں سے لڑتے ہوئے دکھایا گیا ہے ۔
پولیس نے ایک دیسی ساختہ پستول، ایک کارتوس، ایک خالی کارتوس اور واردات میں استعمال ہونے والا تیز دھار ہتھیار بھی برآمد کر لیا۔ گرفتار ملزمان کی شناخت پون کمار ولد اشوک کمار، گرومکھ رام ولد دیو راج، بنٹی ولد امرجیت، سمرن جیت عرف سما، اجے ولد سکھریب، راج کمار ولد برما ساہنی، سندیپ گپتا ولد لال بابو کے طور پر کی گئی ہے ۔ انکس ولد رام کرشن، انلی عرف گولو ولد برہما، انرجیت عرف کنوا ولد برہما اور وجے ولد سوگریو، سبھی فلور کے رہنے والے ہیں۔ اس تصادم میں ملوث نامعلوم افراد کا سراغ لگایا جا رہا ہے ۔
جالندھر دیہی پولیس کے سینئر سپرنٹنڈنٹ ہرکمل پریت سنگھ کھکھ نے جمعہ کو کہا کہ اس واقعہ سے لوگوں میں خوف و ہراس اور بدامنی پیدا کردی ہے ۔ سخت نگرانی میں فوری کارروائی کی گئی، اور تھانہ فلور میں آرمز ایکٹ کے تحت معاملہ درج کیا گیا۔
مسٹر کھکھ نے کہا کہ گرفتار افراد کو عدالت میں پیش کیا گیا ہے ، اور پوچھ گچھ کے لیے پولیس ریمانڈ حاصل کیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس ٹیم نے ایک دیسی ساختہ پستول، ایک کارتوس، خالی کارتوس اور تلواروں اور لاٹھیوں سمیت تیز دھار ہتھیار برآمد کئے ہیں۔ باقی ملزمان کی گرفتاری اور تصادم کے پیچھے مقصد جاننے کے لیے تفتیش جاری ہے ۔