بنگلورو//وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے بدھ کو یہاں ایروانڈیا 2025 کے دوران زمبابوے کے وزیر دفاع اوپا موچنگوری کاشیری، یمن کے وزیر دفاع لیفٹیننٹ جنرل محسن محمد حسین الدیری، ایتھوپیا کی وزیر دفاع عائشہ محمد، گیمبیا کے وزیر دفاع سیرنگ مودو نیجی اور گیبون کے وزیر دفاع بریگٹ اونکانوو کے ساتھ دوطرفہ ملاقاتیں کیں۔
زمبابوے کے وزیر دفاع سے ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے موجودہ دوطرفہ دفاعی تعاون کا جائزہ لیا اور زمبابوے کی مسلح افواج کی تربیت، فوجی کورسز اور استعداد کار میں اضافے کے شعبوں میں تعاون پر اتفاق کیا۔ دونوں رہنماؤں نے دفاعی تعاون کے ایک مفاہمت نامے پر دستخط کیے اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ اس سے تعلقات مزید گہرے ہوں گے ۔ انہوں نے ایم او یو پر موثر عمل آوری کے لیے وزرائے دفاع کے درمیان باقاعدہ رابطوں کی اہمیت پر زور دیا۔ دونوں ممالک نے دفاعی صنعتوں کے درمیان پیداوار اور دیکھ بھال کے لیے تعاون کو گہرا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ملٹری میڈیسن کے شعبے میں تعاون پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایتھوپیا کے وزیر دفاع سے ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے بڑھتے ہوئے دوطرفہ دفاعی تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ قریبی اور فعال مشغولیت کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے دونوں وزراء نے موجودہ تعلقات کو ادارہ جاتی شکل دینے کے لیے دفاعی شعبے میں تعاون کے لیے مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے ۔ دونوں اطراف نے فوجی تربیت، نصاب، امن قائم کرنے اور ایتھوپیا کی مسلح افواج کی استعداد کار بڑھانے سمیت مختلف شعبوں میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔ دفاعی صنعت کے تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور ہندوستان کے ابھرتے ہوئے نجی شعبے کو اجاگر کیا گیا۔
یمن کے وزیر دفاع سے ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے دفاعی شعبے میں روابط بڑھانے پر توجہ دی۔ اسے ایک قدم آگے بڑھانے کے لیے دونوں رہنماؤں نے یمن کی مسلح افواج کی عسکری تربیت، نصاب اور صلاحیت سازی کے شعبے میں شراکت داری پر تبادلہ خیال کیا۔ میٹنگ نے ہندوستان اور یمن کے درمیان دفاعی تعاون کو گہرا کرنے کے لیے اضافی حوصلہ افزائی اور رہنمائی فراہم کی۔
گیمبیا کے وزیر دفاع سے ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے دفاعی شعبے میں مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے دونوں فریقوں کے باہمی فائدے کے لیے صلاحیت کی تعمیر، صلاحیتوں میں اضافے اور بہترین طریقوں کے اشتراک کے لیے تعاون بڑھانے کی اپنی خواہش کا اعادہ کیا۔ دونوں اطراف نے دفاعی صنعت میں تعاون کے بے پناہ امکانات کو بھی اجاگر کیا۔