ہم افواہ بازوں کی عقل پر ماتم کرنا چاہتے ہیں… سو فیصد کرنا چاہتے ہیں… اس لئے کرنا چاہتے ہیں کہ کبھی کبھی یہ ایسی بھی افواہ اڑا تے ہیں جو خود چغلی کھاتی ہے… اس بات کی چغلی کہ وہ محض ایک افواہ ہے ‘ اس سے زیادہ کچھ نہیں … بالکل بھی نہیں ۔ اب دیکھئے افواہ بازوں نے … اڑا دی … کشمیر کے ہواؤں میں یہ افواہ اڑا دی کہ کانگریس، جموںکشمیر میں نیشنل کانفرنس کے ساتھ اپنا اتحاد ختم کرنے کے بارے میں سوچ رہی ہے اور… اور سنجیدگی کے ساتھ سوچ رہی ہے… اب صاحب یہ کوئی راکٹ سائنس نہیں ہے… بالکل بھی نہیں ہے کہ اتنی سی بات سمجھ میں نہ آئے کہ … کہ یہ افواہ ہے ‘ کانگریس جموں کشمیر میں نیشنل کانفرنس سے الگ نہیں ہو رہی ہے… یا الگ نہیں ہو سکتی ہے … اور اس لئے نہیں ہو سکتی ہے کیونکہ کانگریس بھی جانتی ہے کہ … کہ گزشتہ سال کے اسمبلی انتخابات میں لوگوں نے اسے مسترد کردیا اور… اور بری طرح کردیا… اسے شکست ہو ئی … لیکن شکست کے باوجود بھی وہ حکمران اتحاد کا حصہ ہے اور… اور سیاسی سوجھ بوجھ رکھنے والی کوئی بھی جماعت الیکشن میں ہار کے بعد کسی حکمران اتحاد سے الگ نہیں ہو نا چاہتی ہے… بالکل بھی نہیں ہو نا چاہتی ہے… اگر افواہ بازوں کو افواہ اڑانے کا اتنا ہی شوق ہے … ان کا ایک عدد افواہ اڑانے کا جی چاہ رہا تھا تو… تو کہتے… یہ کہتے کہ نیشنل کانفرنس ‘ کانگریس سے اپنا ناطہ توڑنے پر غور کررہی ہے… سنجیدگی سے کررہی ہے… اگر یہ افواہ اڑائی جاتی تو… تو اللہ میاں کی قسم کسی کو اس افواہ کے افواہ ہو نے پر رتی بھر یقین نہیں ہو تا… بلکہ اسے سچ سمجھ کر قبول کر لیتے اور اس لئے کر لیتے کہ … کہ جموں کشمیر میں کانگریس ‘ نیشنل کانفرنس کیلئے ایک بوجھ سے زیادہ کچھ ثابت نہیں ہو ئی ہے…الیکشن سے پہلے بھی یہ بوجھ تھی‘ الیکشن کے بعد بھی اور… اور اب بھی … کہ دہلی کو نہیں پسند ہے… بالکل بھی پسند نہیں ہے کہ… کہ جموں کشمیر میں نیشنل کانفرنس این سی کے ساتھ کوئی ناطہ رکھے … کوئی تعلق رکھے۔ اور… اور اندر کی بات یہ ہے کہ … کہ عمرعبداللہ کو بھی اس تعلق ‘ اس ناطے اور اسے برقرار رکھنے میں اب زیادہ دلچسپی نہیں رہی ہے… بالکل بھی نہیں رہی ہے اور… اور اللہ میاں کی قسم یہ کوئی افواہ نہیں ہے… بالکل بھی نہیں ہے ۔ ہے نا؟