نئی دہلی،//) نائب صدر جمہوریہ جگدیپ دھنکڑ نے آج کہا کہ کسانوں کے ساتھ بات چیت کرنے اور اظہار تعزیت کرنے کی ضرورت ہے ۔
مسٹر دھنکڑ نے ہریانہ کے سرسا میں ریاست کے سابق وزیر اعلیٰ اوم پرکاش چوٹالہ کی آخری رسومات کے پروگرام میں شرکت کی۔
انہوں نے کہا "آج عزم کرنے کی ضرورت ہے – اناداتا سے متعلق مسائل کا فیصلہ بات چیت اور ہمدردی کے ذریعہ کیا جانا چاہئے ۔ اناداتا معاشی خوشحالی کی بنیاد ہے ۔ وہ سماجی ہم آہنگی کے معمار ہیں اناج پیدا کرنے والے کی فلاح و بہبود ہی ملک کی ترقی کا ابدی راستہ ہے اور یہ ملک کے مفاد میں بھی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چودھری اوم پرکاش چوٹالہ پانچ بار ریاست ہریانہ کے وزیر اعلیٰ اور سات بار ایم ایل اے رہ چکے ہیں۔ لیکن ان کی شخصیت کی تعریف صرف ان سے نہیں ہوتی، بلکہ انہوں نے اپنی پوری زندگی کسانوں کی فلاح و بہبود اور دیہی ترقی کے لیے وقف کر دی اس سے ان کی تعریف ہوتی ہے ۔
نائب صدر نے کہا کہ اوم پرکاش چوٹالہ 1989 کی بڑی سیاسی تبدیلیوں کے اہم معماروں میں سے ایک تھے ۔ ان کا مقصد کسانوں کو قرض سے نجات دلانا تھا۔ جنتا دل حکومت کا کسانوں کے قرض معافی کا قدم ان کی پہل کا نتیجہ تھا۔ بلاشبہ قومی ترقی اور ترقی یافتہ ہندوستان کا ہدف دیہی لوگوں اور کسانوں کے مفادات کی خدمت سے ہی ممکن ہے ۔
نائب صدر جمہوریہ اور ان کی اہلیہ محترمہ ڈاکٹر سدیش دھنکڑ آنجہانی لیڈر کی رہائش گاہ تیجا کھیڑا پہنچے ۔ مسٹر دھنکڑ کے چوٹالہ خاندان کے ساتھ کئی دہائیوں پرانے قریبی تعلقات ہیں۔ انہوں نے سوگوار کنبے کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار بھی کیا۔
قبل ازیں،مسٹر اوم پرکاش چوٹالہ کے انتقال پر دلی خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے مسٹر دھنکڑنے کہا کہ ایک دور اندیش سیاست دان کے طور پر انہوں نے ہمیشہ دیہی ترقی اور زرعی خوشحالی کو اولین ترجیح دی۔ ہریانہ کی مجموعی ترقی اور ہندوستانی جمہوریت کو مضبوط بنانے میں ان کی ناقابل فراموش شراکت ہمیشہ تحریک کا ذریعہ رہے گی۔