سلی گڑی//) مغربی بنگال میں ڈائریکٹوریٹ آف ریونیو انٹیلی جنس (ڈی آر آئی) سلی گڑی یونٹ نے اس وقت ایک اہم کامیابی حاصل کی جب انہوں نے سونے کی اسمگلنگ کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے دو اسمگلروں کو 1.22 کروڑ روپے کے سونے کے ساتھ گرفتار کیا۔
گرفتار ملزمان میں مہیش چودھری اور موہن بوساک شامل ہیں جو بہار کے کشن گنج کے رہنے والے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ اسمگلروں نے سونا ہندوستان بنگلہ دیش سرحد سے سلی گوڑی اور کوچ بہار کے راستے بہار لے جانے کا منصوبہ بنایا تھا۔ کوچ بہار میں سونا چودھری اور بوساک کے حوالے کیا گیا، جنہوں نے اسے کار کے ایئر فلٹر کے اندر خصوصی طور پر بنائے گئے چیمبر میں چھپا دیا۔
ایک خفیہ اطلاع کی بنیاد پر ڈی آر آئی سلی گڑی یونٹ نے ایک خصوصی آپریشن کیا اور جلپائی گوڑی ضلع میں نیشنل ہائی وے -27 پر واقع ہسلوڈنگا ٹول پلازہ کے قریب اسمگلروں کی کار کو روکا۔ مکمل تلاشی کے بعد کار میں چھپے ہوئے چیمبر سے سونے کے 13 بسکٹ برآمد ہوئے ۔
جب پوچھ گچھ کی گئی تو چودھری اور بوساک سونے سے متعلق کوئی درست دستاویزات نہیں دکھا سکے جس کی وجہ سے انہیں گرفتار کر لیا گیا۔ ڈی آر آئی کے وکیل رتن بنک نے تصدیق کی کہ جمعہ کو کی گئی کارروائی میں 1 کروڑ 22 لاکھ روپے سے زائد مالیت کا ایک کلو گرام سے زائد غیر ملکی سونا برآمد کیا گیا۔