نئی دہلی،// راجیہ سبھا میں آج لنچ کے وقفے کے بعد اپوزیشن اراکین کی ہنگامہ آرائی کی وجہ سے ایوان کی کارروائی کل صبح 11 بجے تک کے لئے ملتوی کر دی گئی۔
چیئرمین جگدیپ دھنکڑ نے لنچ کے بعد کارروائی شروع کرنے کی کوشش کی۔ انہوں نے ترنمول کانگریس کے ڈیرک اوبرائن سے پوائنٹ آف آرڈر پیش کرنے کو کہا لیکن جب مسٹر برائن نے بنگلہ دیش کے مسئلہ پر کچھ کہنے کی کوشش کی تو چیئرمین نے ترنمول کے رکن کا بیان ریکارڈ کرنے سے منع کردیا ۔
اس کے بعد انہوں نے جنتا دل سیکولر کے ایچ ڈی دیو گوڑا سے اپنے خیالات کا اظہار کرنے کو کہا۔ اپوزیشن کے زبردست ہنگامے کی وجہ سے مسٹر دیوگوڑا کی بات صاف سنائی نہیں دے رہی تھی۔
اس کے بعد مسٹر دھنکڑنے اپنے خیالات کا اظہار کرنے کے لیے اپوزیشن لیڈر ملک ارجن کھڑگے کا نام لیا۔ مسٹر کھڑگے نے کہا کہ ضابطہ 238 (2) کے تحت کوئی بھی رکن ایوان کے کسی دوسرے رکن کے بارے میں بولنے سے پہلے چیئرمین کو مطلع کرتا ہے اور متعلقہ وزیر کو بھی اسے تحریری طور پر دینا ہوتا ہے ۔ اس پر چیئرمین نے ان سے پوائنٹ آف آرڈر پوچھنے کو کہا، لیکن مسٹر کھڑگے بار بار یہی کہتے رہے ۔ تب مسٹر دھنکڑنے کہا کہ یہ آرڈر کا سوال نہیں ہے اور کچھ بھی ریکارڈ پر نہیں جائے گا۔ اس کے بعد انہوں نے ایوان کی کارروائی کل تک ملتوی کر دی۔
قبل ازیں آج صبح ایوان کی کارروائی شروع ہونے کے بعد بھی قانون سازی کا کام مکمل ہونے کے بعد حکمراں جماعت اور اپوزیشن کے درمیان زبردست ہنگامہ آرائی ہوئی جس کے باعث کارروائی دوپہر 2 بجے تک ملتوی کردی گئی تھی ۔