ویلنگٹن//) پہلی اننگز میں ہیری بروک (123) دوسری اننگز میں جو روٹ (103) کے ساتھ بین ڈکٹ (92) اور جیکب بیتھل (96) کی کی شاندار اننگز کے بعد بین اسٹوکس (تین وکٹ) ، کرس ووکس (دو وکٹوں) کے ساتھ دیگر گیند بازوں کی عمدہ کارکردگی کی بدولت انگلینڈ نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں اتوار کو بیسن ریزرو میں نیوزی لینڈ کے خلاف 323 رن سے جیت حاصل کی۔ انگلینڈ نے تقریباً 16 سال بعد پہلی بار نیوزی لینڈ کو شکست دیکر تین میچوں کی سیریز میں 2-0 سے ناقابل تسخیر برتری حاصل کر لی ہے۔
نیوزی لینڈ کو ٹام بلنڈل کی شاندار سنچری کے باوجود تین دن کے اندر ہی شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔
انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے 583 رن کا ہدف دیا۔ یہ نیوزی لینڈ کے لیے ایک ناممکن چیلنج تھا۔ انگلینڈ کے گیند بازوں نے دوسری اننگز میں بیٹنگ کے لیے آئے نیوزی لینڈ کے ٹاپ آرڈر کو جلد ہی تباہ کر دیا۔ کھانے کے وقت تک نیوزی لینڈ نے 59 رن پر چار وکٹ گنوا دیئے تھے۔ ایسے بحران میں بلنڈل نے شاندار سنچری والی اننگز کھیلی۔ انہوں نے اپنی سنچری 96 گیندوں میں مکمل کی۔ انہوں نے 102 گیندوں پر 115 رن کی اننگز کھیلی۔ اس کے علاوہ نیتھن اسمتھ (42)، ڈیرل مچل (32)، گلین فلپس (16) اور کپتان ٹام لیتھم (24) نے رن بنائے۔ نیوزی لینڈ کے باقی بلے بازوں میں سے کوئی بھی ڈبل فیگر تک نہیں پہنچ سکا۔ انگلینڈ کے بالنگ اٹیک کے سامنے نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 54.2 اوورز میں 259 رن ہی بنا سکی اور 323 رن سے میچ ہار گئی۔
انگلینڈ کی جانب سے بین اسٹوکس نے پانچ رن کے عوض تین وکٹ حاصل کئے۔ کرس ووکس، بریڈن کارس اور شعیب بشیر نے دو دو وکٹ لئے۔ گس اٹکنسن نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل انگلینڈ نے اپنی پہلی اننگز میں ہیری بروک (123) کی سنچری اور اولی پوپ (66) کی اننگز کی بدولت 280 رن بنائے تھے۔ جس کے جواب میں نیوزی لینڈ پہلی اننگز میں 125 رن پر ڈھیر ہوگئی۔ انگلینڈ کو پہلی اننگز کی بنیاد پر 115 رن کی برتری حاصل تھی۔ انگلینڈ نے دوسری اننگز میں بیٹنگ کرتے ہوئے جو روٹ (103) کے ساتھ بین ڈکٹ (92) اور جیکب بیتھل (96) کی شاندار اننگز کی بنیاد پر چھ وکٹوں پر 427 رن بنا کر اننگز ڈکلیئر کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کو 583 رنز کا ہدف دیا۔
ہیری بروک کو بہترین بلے بازی کا مظاہرہ کرنے پر’پلیئر آف دی میچ‘ سے نوازا گیا۔ اس جیت کے ساتھ ہی انگلینڈ نے تین میچوں کی سیریز میں 2-0 کی غیر مفتوح برتری حاصل کر لی ہے اور وہ 2007-08 کے بعد تقریباً 16 سال بعد نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز جیتنے جا رہی ہے۔