سرینگر/۷دسمبر
جموں کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی (جے کے پی سی سی) کے صدر طارق حمید قرہ نے ہفتہ کے روز جموں کشمیر کو ریاست کا درجہ بحال کرنے کے پارٹی کے مطالبے کو دہراتے ہوئے کہا کہ یہ خطے اور قوم دونوں کے لئے اہم ہے۔
قرہ نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ کانگریس پارٹی نے نہ صرف جموں بلکہ راجوری جیسے دیگر حصوں میں بھی اس مسئلہ کو مسلسل اٹھایا ہے اور کہا کہ اگست 2019 میں آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد سے ریاست کا درجہ دینے کا مطالبہ پارٹی کی ترجیح رہی ہے۔
کانگریسی لیڈر نے کہا کہ ریاست کا درجہ بحال کرنا نہ صرف جموں و کشمیر کے عوام کے لئے اہم ہے بلکہ یہ قومی مفاد میں بھی ہے۔
قرہ نے مرکزی حکومت کی جانب سے اس مطالبے کو حل کرنے میں ہچکچاہٹ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سوال کیا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور حکومت اس عمل کو آگے کیوں نہیں بڑھا ہے۔ انہوں نے کہا”ہم نے وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کو بار بار اس اہم مسئلے کے بارے میں یاد دلایا ہے، لیکن ابھی تک کوئی واضح کارروائی نہیں ہوئی ہے“۔
کانگریس کے لیڈر نے مزید کہا کہ کانگریس پارٹی ریاست کا درجہ بحال کرنے کے لئے زور دیتی رہے گی اور اسے جموں کشمیر کے لوگوں کی فلاح و بہبود اور ترقی کو یقینی بنانے کی سمت میں ایک ضروری قدم قرار دیا۔
قرہ نے کہا کہ ہم اس مطالبے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ کانگریس اس خطے کے مکمل سیاسی اور آئینی حقوق کے لئے سرگرمی سے وکالت کرتی رہی ہے۔