سرینگر/۵دسمبر
جموں کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایس کے آئی ایم ایس) کے 42 ویں یوم تاسیس کے موقع پر کہا کہ ان کی حکومت کی ترجیح اس کی خودمختاری کو بحال کرنا، عملے کی کمی کو دور کرنا اور آلات کو جدید بنانا ہے۔
عمر عبداللہ نے کہا”ایس کے آئی ایم ایس نے مشکلات، مالی رکاوٹوں، فرسودہ آلات اور عملے کی کمی کے باوجود جموں و کشمیر کو توقعات سے کہیں زیادہ دیا ہے“۔
وزیر اعلیٰ نے ضلعی اور ذیلی ضلعی اسپتالوں میں ناکافی انفراسٹرکچر کی وجہ سے شدید دباو¿ سے نمٹنے کے لئے ایس کے آئی ایم ایس حکام کی تعریف کی‘ جس کی وجہ سے معمول کی طبی ضروریات کے حامل مریضوں کو ایس کے آئی ایم ایس میں علاج کرنے پر مجبور ہونا پڑتا ہے۔
عمرعبداللہ نے کہا کہ ایس کے آئی ایم ایس کی خودمختاری، جو کبھی اس کے موثر کام کاج کی علامت تھی، ختم ہو گئی ہے، جس سے اس کی انجینئرنگ اور دیکھ بھال کی صلاحیتوں پر اثر پڑا ہے۔
بجلی کی بندش، آکسیجن پلانٹ کی ناکامی اور خریداری کے پیچیدہ طریقہ کار جیسے اہم چیلنجوں کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے ادارے کی آپریشنل آزادی کو بحال کرنے کے لئے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔
وزیراعلیٰ نے بھرتیوں میں طویل تاخیر پر بھی تشویش کا اظہار کیا، خاص طور پر نرسنگ میں، جہاں مبینہ طور پر ایک نرس کو رات کے وقت 30 بستروں کا انتظام کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
عمر نے کہا کہ شیخ محمد عبداللہ نے ایس کے آئی ایم ایس کا تصور خطے کے اندر جدید طبی دیکھ بھال فراہم کرنے کے لئے کیا تھا ، جس سے مریضوں کو جموں و کشمیر سے باہر علاج کرنے کی ضرورت کو کم کیا جاسکے۔
وزیر اعلیٰ نے نئی ٹیکنالوجیز متعارف کرانے، آلات کو اپ گریڈ کرنے اور اس کے آپریشنل بوجھ کو کم کرکے ایس کے آئی ایم ایس کی مدد کرنے کے لئے اپنی حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔
ان کاکہنا تھا ”ایس کے آئی ایم ایس جموں و کشمیر کے عوام کے لئے امید کی کرن کی نمائندگی کرتا ہے۔ میری حکومت ایس کے آئی ایم ایس کے ساتھ کھڑی رہے گی تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ یہ ترقی کرے، پھلے پھولے اور بہترین کارکردگی کے ساتھ عوام کی خدمت جاری رکھے۔“