’انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں میں پیشہ ورانہ مہارت اور چوکسی کے اعلیٰ ترین معیار کو برقرار رکھیں‘
سرینگر//
کشتواڑ کے گھنے جنگلات میں انسداد دہشت گردی آپریشن چھٹے روز بھی جاری رہنے کے بیچ فوج کے شمالی کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل ایم وی سدھیندر کمار نے منگل کے روز وائٹ نائٹ کور کا دورہ کیا اور فوجیوں کی آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا۔
اودھم پور نشین شمالی کمان کے جنرل آفیسر کمانڈنگ ان چیف کا ۱۶ویں کور ہیڈکوارٹرز کا دورہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب خاص طور پر کشتواڑ ضلع کے دور افتادہ جنگلاتی علاقوں میں انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں میں تیزی آئی ہے جہاں گزشتہ پانچ دنوں میں دہشت گردوں نے دو الگ الگ واقعات میں ایک جونیئر کمیشنڈ آفیسر اور دو ولیج ڈیفنس گارڈ ز کو ہلاک کردیا تھا۔
وائٹ نائٹ کور کے جنرل آفیسر کمانڈنگ لیفٹیننٹ جنرل نوین سچدیوا نے بعد میں کشتواڑ سیکٹر کا دورہ کیا اور انسداد دہشت گردی کی جاری کارروائیوں کا جائزہ لیا۔
فوج کی شمالی کمان نے ایک پوسٹ میں کہا کہ لیفٹیننٹ جنرل کمار نے آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لینے کے لئے وائٹ نائٹ کور کا دورہ کیا۔
آرمی کمانڈرنے تمام افسروں پر زور دیا کہ وہ انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں میں پیشہ ورانہ مہارت اور چوکسی کے اعلیٰ ترین معیار کو برقرار رکھیں۔
سیکورٹی عہدیداروں نے بتایا کہ کشتواڑ ضلع کے کیشوان، کنٹواڑہ اور اس سے ملحقہ جنگلاتی علاقوں میں بڑے پیمانے پر تلاشی مہم منگل کو چھٹے دن میں داخل ہوگئی تاکہ حالیہ ہلاکتوں کے ذمہ دار چھپے ہوئے دہشت گردوں کے ایک گروپ کا سراغ لگایا جاسکے اور اسے ختم کردیا جاسکے۔
فوج کے ۲ پیرا کے نائب صوبیدار راکیش کمار اتوار کے روز کیشوان جنگل میں دہشت گردوں کے ساتھ تصادم میں ہلاک اور تین دیگر فوجی زخمی ہوگئے تھے جبکہ دو وی ڈی جی نذیر احمد اور کلدیپ کمار کو جمعرات کی شام قریبی کنٹواڑہ جنگل میں اغوا کرکے گولی مار کر ہلاک کردیا گیا تھا۔
ایک عہدیدار نے بتایا کہ سرچ آپریشن تیز ہونے کے باوجود دہشت گردوں کے ساتھ کوئی تازہ رابطہ نہیں ہوا ہے۔
سیکورٹی حکام کے مطابق اس سال جموں میں دہشت گردانہ حملوں میں۱۸ سیکورٹی اہلکاروں سمیت۴۴ افراد ہلاک ہوئے ہیں اور یہ حملے سرحدی اضلاع راجوری اور پونچھ سے شورش زدہ علاقے کے چھ دیگر علاقوں تک پھیل گئے ہیں۔
راجوری اور پونچھ کے پیر پنجال اضلاع میں گزشتہ سالوں کے مقابلے میں ۲۰۲۴میں دہشت گردی کی سرگرمیوں میں کافی کمی دیکھی گئی ہے ، لیکن اپریل سے مئی کے بعد ریاسی ، ڈوڈا ، کشتواڑ ، کٹھوعہ ، ادھم پور اور جموں میں سلسلہ وار واقعات نے سیکورٹی ایجنسیوں کو چوکس رکھا ہے۔
فوج نے بتایا کہ لیفٹیننٹ جنرل سچدیوا نے جی او سی انسداد شورش فورس’ڈیلٹا‘اور پولیس اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کے افسران کے ساتھ کشتواڑ کا دورہ کیا اور انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں کا جائزہ لیا۔
حالیہ ہلاکتوں کے بعد کور کمانڈر کا کشتواڑ کا یہ دوسرا دورہ تھا۔
وائٹ نائٹ کور نے ایک پوسٹ میں کہا ’’جی او سی نے باقی خطرات کو ختم کرنے کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز کے درمیان قریبی ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیا اور خطے میں امن و سلامتی برقرار رکھنے کیلئے ان کے غیر متزلزل عزم کو سراہا‘‘۔