نئی دہلی// ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر کو امید ہے کہ کپتان روہت شرما پرتھ میں ہونے والے پہلے ٹیسٹ کے لیے دستیاب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایسا نہ ہوا تو ان کے پاس متبادل بھی ہیں۔
آسٹریلیا روانہ ہونے سے پہلے نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے گمبھیر نے کہا، ’’ابھی اس بات کی کوئی تصدیق نہیں ہے کہ وہ (روہت) دستیاب ہوں گے یا نہیں۔ جیسے ہی کوئی اپڈیٹ ہوگا، ہم آپ کو حالات سے آگاہ کریں گے۔ امید ہے کہ وہ (روہت) دستیاب ہوں گے، لیکن یہ سب سیریز سے پہلے ہی معلوم ہو جائے گا۔
روہت شرما کے ذاتی وجوہات کی بنا پر پرتھ ٹیسٹ سے غیر حاضر رہنے کے سوال پر، گمبھیر نے کہا، ’’ہمارے پاس ابھیمنیو ایشورن اور کے ایل راہل کا متبادل ہے۔ اگر روہت دستیاب نہیں رہتے ہیں تو ہم ٹیسٹ میچ سے پہلے ہی اس پر فیصلہ لیں گے۔ اس کے علاوہ شبمن گل بھی ایک آپشن ہیں۔
راہل کے بارے میں گمبھیر نے کہا، ’’کبھی کبھی ایسا ہوتا ہے کہ آپ کسی تجربہ کار کھلاڑی کے ساتھ جاتے ہیں۔ راہل ایسے کھلاڑی ہیں جو اوپننگ، نمبر تین اور نمبر چھ، کہیں بھی بلے بازی کرسکتے ہیں۔ ایسا کرنے کے لیے بہت زیادہ ٹیلنٹ درکار ہوتا ہے۔ اگر ضرورت ہو تو وہ اوپننگ کرسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اگر روہت نہیں کھیلتے ہیں تو نائب کپتان جسپریت بمراہ ہی ٹیم کی کپتانی کریں گے۔
پرتھ ٹیسٹ 22 نومبر سے شروع ہوگا۔ محمد سراج، آکاش دیپ، شبمن گل، واشنگٹن سندر اور یشسوی جیسوال اتوار کو ہی آسٹریلیا کے لیے روانہ ہوئے۔ دیگر ارکان آج پیر کو روانہ ہوں گے۔