نئی دہلی// بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے صدر جگت پرکاش نڈا نے پارٹی کارکنوں سے ملک کے پہلے نائب وزیر اعظم بھارت رتن سردار ولبھ پٹیل کی 150 ویں یوم پیدائش کو دھوم دھام سے منانے اور منگل کو منعقد کی جانے والی رن فار یونیٹی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اپیل کی ہے ۔
مسٹر نڈا نے آج یہاں ایک بیان میں کہا کہ بی جے پی ہندوستان کے مرد آہن ، آزادی کے بعد ہندوستان کے انضمام کے معمار، دور اندیش اور ملک کے پہلے نائب وزیر اعظم سردار ولبھ بھائی پٹیل کا یوم پیدائش پورے ملک میں جوش وخروش کے ساتھ مناتی ہے ۔ 2014 میں مسٹر نریندر مودی کے وزیر اعظم بننے کے بعد مرکزی حکومت پورے ملک میں مکمل احترام کے ساتھ ان کی جینتی مناتی ہے ۔
بی جے پی صدر نے کہا کہ سردار پٹیل کے 143 ویں یوم پیدائش کے موقع پر وزیر اعظم مودی نے 31 اکتوبر 2018 کو دنیا کے سب سے اونچے مجسمے "اسٹیچو آف یونٹی” کی نقاب کشائی کی تھی۔ اس دن مرکزی حکومت کی طرف سے ‘رن فار یونٹی’ سمیت کئی پروگرام منعقد کیے جاتے ہیں اور سردار پٹیل کو عاجزانہ خراج عقیدت پیش کیا جاتا ہے ۔ وزیر اعظم مودی کی کال پر، ہم 2014 سے سردار پٹیل کے یوم پیدائش کو قومی اتحاد کے دن کے طور پر مناتے ہیں۔
انہوں نے کہا، اس سال سردار پٹیل جی کی یوم پیدائش کا 150 واں سال شروع ہو رہا ہے ۔ اس موقع پر مودی حکومت کی جانب سے کئی پروگرام منعقد کیے جائیں گے ۔ میری پارٹی کارکنوں سے عاجزانہ گزارش ہے کہ آپ ان پروگراموں میں اپنی شرکت یقینی بنا کر قوم کی تعمیر میں اپنا حصہ ڈالیں۔ اس کے علاوہ بھارت رتن سردار پٹیل جی سے متعلق خیالات اور کام کو سوشل میڈیا پر ہیش ٹیگ Sardar150 کے ساتھ شیئر کریں تاکہ ان کے خیالات اور نظریات کو فروغ دیا جا سکے ۔
مسٹر نڈا نے کہا کہ مسٹر مودی نے اپنے مقبول پروگرام ‘‘من کی بات’’ کے 115ویں ایڈیشن میں کہا ہے کہ اس بار دیوالی کا تہوار بھی 31 اکتوبر کو سردار پٹیل کی یوم پیدائش پر ہے ۔ ہم ہر سال 31 اکتوبر کو ‘قومی اتحاد کے دن’ پر ‘رن فار یونٹی’ کا اہتمام کرتے ہیں۔ اس بار دیوالی کی وجہ سے 29 اکتوبر یعنی منگل کو ‘رن فار یونٹی’ کا انعقاد کیا جائے گا۔
بی جے پی کے صدر نے کہا، ‘‘میں آپ سے درخواست کرتا ہوں کہ اس میں زیادہ سے زیادہ تعداد میں شرکت کریں اور قومی اتحاد کے منتر کے ساتھ فٹنس کے منتر کو ہر جگہ پھیلائیں۔ پارٹی کارکنان 29 اکتوبر کے ‘‘رن فار یونٹی’’ کے پروگرام کو کامیاب بنانے کے لیے کام کریں۔ میں تمام عوامی نمائندوں بشمول بی جے پی کے ممبران پارلیمنٹ اور ایم ایل ایز اور پارٹی کے تمام عہدیداروں سے بھی درخواست کرتا ہوں کہ وہ تمام پروگراموں میں شرکت کریں جن میں ‘‘رن فار یونٹی ’’ بھی شامل ہے اور سردار پٹیل کو خراج تحسین پیش کریں۔ ہندوستان کے اتحاد اور سالمیت کو یقینی بنانے میں سردار پٹیل کا منفرد کردار ہم سب کے لیے ہمیشہ تحریک کا ایک لازوال ذریعہ رہے گا۔