سرینگر//
جموںکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جمعہ کے روز بارہمولہ حملے میں جاں بحق ہونے والے فوجی جوانوں اور دفاعی پورٹرز کی میتوں پر پھول مالائیں چڑھا کر ان کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا۔
بتادیں کہ شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے بوٹہ پتھری علاقے میں ملی ٹینٹوں نے جمعرات کی شام فوجی گاڑی پر گھات لگا کر حملہ کیا جس کے نتیجے میں دو مقامی پورٹر اور دو فوجیوں سمیت چارافراد جاں بحق جبکہ تین فوجی جوان زخمی ہوئے جن میں سے ایک آج صبح دم تو ڑ بیٹھا ۔
فوجی جوانوں کی شناخت رائفل میں جیون سنگھ اور رائفل مین قیصر احمد شاہ جبکہ پورٹرز کی شناخت مشتاق احمد چودھری اور ظہور احمد میر کے طور پر ہوئی ہے ۔
لیفٹیننٹ گورنر نے جمعہ کو ’ایکس‘پر اپنے ایک پوسٹ میں کہا’’ بوٹہ پتھری سیکٹر میں۲۴؍اکتوبرکو قوم کی خدمت میں عظیم قربانی دینے والے بہادر جوانوں اور ڈیفنس پورٹرز کو خراج عقیدت پیش کیا‘‘۔
سنہا نے کہا’’ملک ان جوانوں کی بے لوث خدمت اور ان کی عظیم قربانی کو کبھی فراموش نہیں کرے گا‘‘۔ان کا پوسٹ میں مزید کہنا تھا کہ ہم غمزدہ خاندانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔