35 سالہ کھلاڑی نے ایک بار پھر تیسرے دن اپنی عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور پہلی اننگز میں ریکارڈ کم مجموعی کے بعد ٹیم کی بحالی کو آگے بڑھایا۔
دن کی آخری گیند پر گلین فلپس کے ہاتھوں کوہلی کے آؤٹ ہونے کے بعد اسٹمپ تک ہندوستان نیوزی لینڈ سے 125 رنز سے پیچھے رہ کر 231/3 تک پہنچ گیا تھا۔
اپنی جرات مندانہ اننگز کے دوران ویرات کوہلی ٹیسٹ کرکٹ میں 9000 رنز مکمل کرنے والے چوتھے ہندوستانی بلے باز بن گئے، وہ لیجنڈری ہندوستانی کرکٹرز سچن ٹنڈولکر، راہول ڈریوڈ اور سنیل گواسکر کی صف میں شامل ہو گئے حالانکہ وہ اس اعزاز کو حاصل کرنے والے سست ترین بھارتی بیٹر ہونے کا اعزاز رکھتے ہیں۔
ٹیسٹ کرکٹ میں کم ترین اننگز میں 9000 رنز مکمل کرنے والے ہندوستانی بلے باز راہول ڈریوڈ ہیں جنہوں نے 2006ء میں 176 اننگز میں یہ کارنامہ سرانجام دیا، سچن ٹنڈولکر 2004ء میں 179 اننگز میں یہ اعزاز حاصل کرکے دوسرے جب کہ سنیل گواسکر 1985ء میں 192 اننگز میں 9000 ٹیسٹ رنز مکمل کرکے اس فہرست میں تیسرے نمبر پر ہیں ۔
ٹیسٹ کرکٹ میں ویرات کوہلی اب تک 197 اننگز میں 29 سنچریوں اور 31 نصف سنچریوں کی بدولت 48.74 کی اوسط سے 9017 رنز بنا چکے ہیں ۔ 2019ء میں جنوبی افریقہ کے خلاف 254* ان کا سب سے بڑا سکور ہے۔