شارجہ//اوپنر جارجیا پلیمر (53) کی شاندار نصف سنچری اور امیلیا کر کے ناٹ آوٹ 34 رن کی بدولت نیوزی لینڈ نے ہفتہ کو یہاں کھیلے گئے آئی سی سی خواتین ورلڈ کپ کے 15ویں میچ میں سری لنکا کو آٹھ وکٹ سے شکست دے دی۔
سری لنکا کے 115 رن کے جواب میں نیوزی لینڈ نے دو وکٹ پر 118 رن بنا کر میچ آٹھ وکٹ سے جیت لیا۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے اوپننگ بلے باز سوزی بیٹس اور جارجیا پیلمر نے شاندار آغاز کیا اور پہلی وکٹ کے لیے 49 رن کی شراکت قائم کی۔ آٹھویں اوور میں سچنی نسسالا نے سوزی بیٹس (17) کو آؤٹ کر کے سری لنکا کو پہلی کامیابی دلائی۔
اس کے بعد پیلمر اور امیلیا کر نے ٹیم کے اسکور کو 95 رن تک پہنچا کر ٹیم کی فتح پر مہر ثبت کردی۔ 15ویں اوور میں سری لنکا کی کپتان اٹاپٹو نے پیلمر کو (53) پر آؤٹ کر کے نیوزی لینڈ کو دوسرا جھٹکا دیا۔
بعد ازاں امیلیا کر ناٹ آؤٹ (34) اور کپتان سوفری ڈیوائن (13) نے ناٹ آؤٹ رہتے ہوئے ٹیم کو آٹھ وکٹ سے فتح سے ہمکنار کرایا۔
سری لنکا کی جانب سے سچنی نسسالا اور چمری اٹاپٹو نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کرنے کے بعد سری لنکا کی پہلی وکٹ 26 رن کے اسکور پر گری جب کارسن نے اوپنر وشمی گنارتنے کو بولڈ کر دیا۔ دوسری وکٹ کے لیے کپتان چمری اٹاپٹو اور ہرشیتھا سماراویکرما نے 14ویں اوور میں ٹیم کے اسکور کو 74 رن تک پہنچا دیا۔ اسی اوور میں امیلیا کار نے کپتان چمری (35) کو بولڈ کرکے سری لنکا کو دوسرا جھٹکا دیا۔ جیسے ہی اسکور میں مزید دو رن کا اضافہ ہوا، کاسپریک نے ہرشیتا (18) کو آؤٹ کر کے نیوزی لینڈ کو تیسری کامیابی دلائی۔
اس کے بعد کار نے سری لنکا کو کاویشا دلہری (10) کو ایل بی ڈبلیو کرکے چوتھا جھٹکا دیا۔ سری لنکا کی پانچویں وکٹ انوشکا سنجیوانی (پانچ) کی صورت میں گری۔ انوشکا کو کاسپریک نے ڈیوائن کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔ نیلاکشی ڈی سلوا (14) اور اما کنچنا (10) رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں۔ اس طرح سری لنکن ٹیم نے 20 اووروں میں پانچ وکٹوں پر 115 رن بنائے تھے۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے لی کاسپریک، امیلیا کار نے دو دو اور ایڈن کارسن نے ایک وکٹ حاصل کی۔