جموں نے بی جے پی کو دل کھول کر ہول سیل میں ووٹ کیوں دیا ہم نہیں جانتے ہیں… اس لئے نہیں جانتے ہیںکیوں یہ جموں ہی تھا … جموں کے لوگ تھے‘ جن کو مرکز اور ایل جی حکومت سے شکایات تھیں… شکایتوں کا انبار تھا… یہ شکایات کہ … کہ دفعہ ۳۷۰ کی منسوخی کے بعد ان کی زمینوں ‘ ان کی ملازمتوں ‘حتیٰ کہ ان کی مخصوص ڈوگرہ شناخت کو خطرات لاحق ہو گئے ہیں… جموں ایک آواز میں دربار مو کی واپسی کا مطالبہ کر رہا تھا… کیوں کہ ان کا جاننا اور ماننا تھا کہ جب سے دربار گیا …ان کا کار و بار اگر ٹھپ نہیں ہوا لیکن… لیکن یہ مندی کا شکار ضرور ہوا… دربار مو کو بی جے پی کی حکومت نے ختم کیاتھا … اوراُسی بی جے پی کو جموں نے ووٹ دینے میں کسی بخل سے کام نہیں لیا… بالکل بھی نہیں لیا ۔نہیں صاحب ہم یہ نہیں کہہ رہے ہیں کہ جموںنے بی جے پی کو ووٹ کیوں دیا… ہم ایسا نہیں کہہ رہے ہیں۔ اصل میں بات یہ ہے کہ جموں نے بی جے پی اور کشمیر نے این سی کو ووٹ دیا اور… اور اس بات کہ ہندو جموں نے بی جے پی اور مسلم کشمیر نے این سی کو ووٹ دیا…کچھ لوگ جموں کی کشمیر سے علیحدگی کی بات کررہے ہیں… جموں کوعلیحدہ ریاست کا خواب بیچنے کی کوشش کررہے ہیں… یقینا ہمیں اس پر بھی کوئی اعتراض نہیں ہے… اگر جموں کے لوگ علیحدہ ریاست چاہتے ہیں تو… تو بسم اللہ لیکن… لیکن اس کیلئے حالیہ اسمبلی انتخابات کے نتائج کی آڑ نہ لیں… اور اس لئے نہ لیں کیوں یہ مسلم کشمیر کا این سی کو ووٹ دینے کا بالکل بھی معاملہ نہیں ہے… کشمیر نے این سی کو اس لئے ووٹ دیا کیوں کہ این سی کے بغیر ان کے پاس کوئی آپشن نہیں تھا… بالکل بھی نہیں تھا ۔ پی ڈی پی نے بی جے پی سے اتحاد کیا تھا … ۲۰۱۴ میں کیا تھا ‘ اس لئے پی ڈی پی کشمیر کیلئے کوئی چوائس نہیں تھی… بی جے پی کو ووٹ دینا کشمیریوںکیلئے ممکن ہی نہیں تھا کیوں اس جماعت نے ۵؍اگست اور اس کے بعد گزشتہ پانچ برسوں میں جو کچھ بھی کیا … یکطرفہ طور پر کیا … اس سے بی جے پی نے خود ہی کشمیر پر اپنے دروازے بند کئے تھے …کشمیر میں اگر کسی نے بی جے پی کو چھوا بھی اس کو بھی کشمیریوں نے مسترد کردیا … جو کچھ بی جے پی نے کیا اگر وہی سب کچھ کانگریس نے کیا ہو تا تو… تو کشمیر اس پر بھی اپنے دروازے بند کر دیتا… کشمیر میںاین سی کو ووٹ کیوں دیاگیا اس میں مذہب کا کوئی عمل دخل نہیں ہے… بالکل بھی نہیں ہے کہ… کہ اگر ایسا ہوتا تو… تو کولگام میں جماعت اسلامی کا حمایت یافتہ امیدوار ایک کمیونسٹ امیدوا ر کے ہاتھوں شکست نہیں کھاتا … بالکل بھی نہیں کھاتا ۔ ہے نا؟