نئی دہلی// وزیر اعظم نریندر مودی اتر پردیش، تمل ناڈو اور کرناٹک میں ریلوے مسافروں کی سہولتوں کو بڑھانے کے لیے ہفتہ کو تین نئی وندے بھارت ٹرینوں کو ہری جھنڈی دکھائیں گے ۔
جمعہ کو وزیر اعظم کے دفتر سے جاری کردہ ریلیز کے مطابق مسٹر مودی دوپہر 12.30 بجے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے میرٹھ-لکھنؤ ، مدورائی-بنگلور اور چنئی-ناگرکوئل کے درمیان ان نئی ٹرینوں کی خدمات کو جھنڈی دکھائیں گے ۔
وندے بھارت کو ‘میک ان انڈیا’ اور خود انحصار ہندوستان کے وژن کو عملی جامہ پہنانے میں وزیر اعظم کی کامیابی کی علامت کہا جاتا ہے ۔ وندے بھارت ٹرینیں اس وقت چل رہی تیز رفتار ٹرینوں کے مقابلے میں سفر کا وقت کم کر دے گی۔
میرٹھ سٹی-لکھنؤ وندے بھارت کے سفر کے وقت میں تقریباً ایک گھنٹہ، چنئی ایگمور-ناگرکوئل وندے بھارت کے ذریعے دو گھنٹے اور مدورائی-بنگلورو وندے بھارت کے ذریعے ڈیڑھ گھنٹے وقت کی بچت ہوگی۔
ریلیز میں کہا گیا ہے کہ نئی وندے بھارت ٹرینیں متعلقہ علاقوں کے لوگوں کو تیز رفتاری اور سہولت کے ساتھ سفر کرنے کے لیے عالمی معیار کی خدمات فراہم کریں گی اور تین ریاستوں – اتر پردیش، تمل ناڈو اور کرناٹک کے لوگوں کی دیرینہ مانگ کو پورا کریں گی۔