سرینگر//
جموں کشمیر اپنی پارٹی کے صدر‘ سید الطاف بخاری کا کہنا ہے کہ ان کی پارٹی جموں و کشمیر کی۶۰؍اسمبلی انتخابی حلقوں پر اپنے امید وار کھڑا کرے گی۔
بخاری نے کہا کہ وہ کسی بھی پارٹی سے گٹھ جوڑ نہیں کریں گے نہ کسی کو سپورٹ فراہم کریں گے ۔
ان کا کہنا تھا کہ نیشنل کانفرنس اور کانگریس کا اتحاد در اصل کانگریس، نیشنل کانفرنس، پی ڈی پی، سی پی آئی (ایم) اور بی جے پی کا اتحاد ہے ۔
اپنی پارٹی کے صدر نے ان باتوں کا اظہار ہفتے کے روز یہاں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔
بخاری نے کہا’’ہمارا کسی جماعت کے ساتھ کوئی الائنس نہیں ہے ہم نہ کسی پارٹی کو سپورٹ کریں گے اور نہ ہی کسی پارٹی سے سپورٹ حاصل کریں گے ‘‘۔
ان کا کہنا تھا’’ہم نے یہاں۱۹۸۷میں اتحاد دیکھا اس کے بعد سال۲۰۰۹؍اور سال۲۰۱۴میں بھی دیکھا‘‘۔ بخاری نے کہا کہ جموں وکشمیر کے لوگ ابھی سال۲۰۱۶کے زخموں کو نہیں بھولے ہیں۔
بخاری نے کہا’’ہمیں وہ گھر ابھی بھی یاد جہاں زخمی پڑے تھے لیکن انہوں نے ایک لڑکے کو ہسپتال لے جانے کیلئے گاڑی نہیں دی‘‘۔
اسمبلی انتخابات کے بارے میں ان کا کہنا تھا’’ہم جموں وکشمیر کی ۶۰سیٹوں پر الیکشن لڑیں گے جن میں سے کشمیر کی۴۰سیٹوں اور جموں کی۲۰سیٹوں پر امید وار کھڑا کریں گے ‘‘۔
کانگریس ، نیشنل کانفرنس الائنس کے بارے میں پوچھے جانے پر اپنی پارٹی کے صدر نے کہا’’یہ صرف کانگریس ، نیشنل کانفرنس الائنس بلکہ یہ کانگریس، نیشنل کانفرنس، پی ڈی پی، سی پی آئی (ایم) اور بی جے پی کا اتحاد ہے‘ کچھ پردے کے پیچھے ہے اور کچھ پردے کے آگے ہے ‘‘۔
پی ڈی پی کے بارے میں انہوں نے کہا’’پی ڈی پی ہر الائنس میں ہوتی ہے اور وہ ایک مستقل مہرہ ہے ۔‘‘