ہرارے// زمبابوے کرکٹ نے خواتین کے ٹی 20 ورلڈ کپ کی میزبانی کی خواہش ظاہر کی ہے۔
زمبابوے نے آخری دو ون ڈے ورلڈ کپ کوالیفائرز (2023 اور 2018 میں) کی کامیابی کے ساتھ میزبانی کی ہے اور اس کے دو نئے اسٹیڈیم زیر تعمیر ہیں۔ اس وجہ سے زمبابوے اس ٹورنامنٹ کی میزبانی میں زیادہ دلچسپی لے رہا ہے۔ تاہم ان کی خواتین ٹیم کوالیفائنگ نہ کرنے کی وجہ سے کبھی بھی ورلڈ کپ میں شرکت نہیں کر سکی۔ زمبابوے دوسرے بڑے مقابلوں کی تیاری کے سلسلے میں ٹورنامنٹ کا غیر جانبدار میزبان بننے کا خواہاں ہے۔
زمبابوے 2026 میں نمیبیا کے ساتھ مردوں کے انڈر 19 ورلڈ کپ اور 2027 میں جنوبی افریقہ اور نمیبیا کے ساتھ ون ڈے ورلڈ کپ کی مشترکہ میزبانی کرے گا۔ تب تک ملک میں مزید دو بین الاقوامی میدان ہوں گے۔ زمبابوے کرکٹ اور مقامی حکومت کے حکام وکٹوریہ فالز اور مٹارے میں کثیر المقاصد سہولیات کی تعمیر پر کام کر رہے ہیں۔
زمبابوے ٹی 20 ورلڈ کپ کی میزبانی کے طور پر بولاویو میں ہرارے اسپورٹس کلب اور کوئنز اسپورٹس کلب کو پیش کر سکتا ہے۔ یہ میدان 2023 کے ورلڈ کپ کوالیفائر کے تمام میچوں کی میزبانی کرچکی ہے۔
زمبابوے ورلڈ کپ کی میزبانی میں موسم ایک اہم عنصر ثابت ہو سکتا ہے، کیونکہ ملک میں اکتوبر میں موسم گرما ہو گا اور کم بارشوں کی توقع ہے۔ اگر میچز زمبابوے میں ہوں تو وہاں تماشائیوں کی تعداد اچھی ہوگی جس میں اسکول کے بچے بھی شامل ہوں گے۔
قابل ذکر ہے کہ بارش کے موسم کی وجہ سے ہندوستان نے میزبانی کی پیشکش کو ٹھکرا دیا تھا اور سری لنکا بھی موسم سے متعلق وجوہات کی وجہ سے دوڑ سے باہر ہو گیا ہے۔