سرینگر//
آئی جی پی کشمیر ‘وی کے بردی نے پولیس کنٹرول روم کشمیر میں سیکورٹی جائزہ اجلاس کی صدارت کی جس میں آئندہ یوم آزادی اور ترنگا ریلی منانے کے سلسلے میں مجموعی سیکورٹی صورتحال اور انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔
پولیس کے ایک ترجمان کے مطابق اجلاس کے آغاز میں آئی جی پی کشمیر نے افسران سے سکیورٹی انتظامات اور تعیناتی کے منصوبوں کے بارے میں رپورٹ طلب کی۔
آئی جی نے ان تقریبات کے پرامن انعقاد کے لئے کئے جانے والے تمام انتظامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور ہدایت کی کہ تمام ضروری انتظامات بروقت مکمل کئے جائیں۔ میٹنگ کے دوران ابھرتے ہوئے چیلنجز اور ان کے جوابی اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
بردی نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ خاص طور پر رات کے اوقات میں چیک پوائنٹس میں اضافہ کریں اور امن کو نقصان پہنچانے والے عناصر پر کڑی نظر رکھیں۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ آنے والی تقریبات بالخصوص یوم آزادی کی تقریبات کیلئے اضافی نگرانی کی ضرورت ہے۔
آئی جی نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ مختلف سطحوں پر وضع کردہ مشترکہ میکانزم پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔
بردی نے افسران پر زور دیا کہ وہ شہر کے حساس مقامات اور داخلی راستوں پر چوبیس گھنٹے خصوصی چیک پوائنٹس قائم کریں۔ افسران سے کہا گیا کہ وہ اپنی متعلقہ کمزور آبادی اور علاقوں میں رات کا غلبہ بڑھائیں۔
آئی جی پی کشمیر نے تقریبات کے منصفانہ اور ہموار اختتام پر توجہ مرکوز کی اور افسران کو ہدایت کی کہ وہ دہشت گردی کے ماحولیاتی نظام کو متاثر کرنے کے لئے سخت نگرانی اور چوکس رہیں۔