نئی دہلی//) صدر دروپدی مرمو نے جمعرات کو اپنے دور اقتدار کے دو سال مکمل کیے اور انہوں نے اس موقع کو بطور ٹیچر اسکول کے بچوں کو پڑھا کر منایا۔
محترمہ مرمو نے ڈاکٹر راجندر پرساد کیندریہ ودیالیہ، راشٹرپتی اسٹیٹ کے 9ویں جماعت کے طالب علموں کے ساتھ بطور استاد اپنے پرانے کردار کی یاد تازہ کی۔ طالب علموں کے ساتھ ایک مختصر لیکن جاندار گفتگو میں انہوں نے فطرت کے تحفظ اور موسمیاتی تبدیلی کے بارے میں سبق سکھایا۔ اپنی طالب علمی کی زندگی کی یادوں کا تذکرہ کرتے ہوئے انہوں نے پودوں اور جانوروں کی دیکھ بھال کے اپنے تجربات سے آگاہ کیا۔ طلباء نے ان کی گفتگو کا پرجوش جواب دیا اور کئی تجاویز بھی دیں۔
انہوں نے صدارتی اسٹیٹ میں کئی دیگر اہم اقدامات میں بھی حصہ لیا۔ ان میں دوبارہ تیار شدہ شیو مندر کا افتتاح اور پرنب مکھرجی پبلک لائبریری کا دورہ شامل تھا جہاں انہوں نے طلباء سے بات چیت کی اور راشٹرپتی بھون لائبریری کی پرانی اور نایاب کتابوں کے ڈیجیٹل ورژن کو دیکھا۔
صدر جمہوریہ نے اسکل انڈیا سنٹر اور ڈاکٹر راجندر پرساد کیندریہ ودیالیہ کے کھیل کے میدان میں کرکٹ پویلین اور مصنوعی اور گھاس ٹینس کورٹ کا افتتاح وزیر مملکت برائے ہنر مندی اور کاروباری شخصیت جینت چودھری کی موجودگی میں کیا۔
نہوں نے راشٹرپتی بھون میں ای گفٹ، آر بی ایپ، ای بک بھی لانچ کی۔ مختلف ڈیجیٹل اقدامات کے آغاز پر اپنے مختصر ریمارکس میں صدر جمہوریہ نے راشٹرپتی بھون میں ڈیجیٹلائزیشن کے کام کی تعریف کی اور کہا کہ اس سے سہولت، رفتار، شفافیت اور جوابدہی میں اضافہ ہوگا۔
صدر نے کہا کہ ہمیں ہمیشہ معاشرے کے تمام طبقات بالخصوص محروم اور پسماندہ طبقات کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالنے کی کوشش کرنی چاہیے ۔ انہیں یہ جان کر خوشی ہوئی کہ پچھلے دو سالوں میں ایسے بہت سے فیصلے کئے گئے ہیں جس سے راشٹرپتی بھون کے ساتھ عام لوگوں کی مصروفیت میں اضافہ ہوا ہے ۔
صدر مملکت نے پریزیڈنٹ اسٹیٹ میں پڑھنے کے کلچر اور کھیلوں کے کلچر کو فروغ دینے کی مسلسل کوششوں کو بھی سراہا۔