نئی دہلی// دہلی پردیش کانگریس نے قومی راجدھانی خطہ میں غیر مجاز کالونیوں کو باقاعدہ بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے بدھ کو کہا کہ پارٹی نے دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ کو میمرنڈم سونپا ہے اور انہیں امید ہے کہ لیفٹیننٹ گورنر اس معاملے میں جلد ہی کوئی فیصلہ کریں گے ۔
دہلی پردیش کانگریس کے سینئر ترجمان ڈاکٹر نریش کمار نے کہا کہ پارٹی نے لیفٹیننٹ گورنر کو ایک میمورنڈم دے کر پردھان منتری آواس یوجنا کے تحت دہلی کی غیر قانونی کالونیوں کو باقاعدہ بنانے کا مطالبہ کیا ہے ۔ میمورنڈم میں کہا گیا ہے کہ تقریباً چھ سات سال قبل مرکزی حکومت نے ڈی ڈی اے کے ذریعے یہ اسکیم شروع کی تھی اور اس میں یہ التزام کیا گیا تھا کہ ڈی ڈی اے کو کنورژن چارجز ادا کرکے اس میں پلاٹوں کو پہلے فری ہولڈ کروانے کے بعد غیرقانونی کالونیوں کو باقاعدہ (ریگولرائز) کروایا جائے ۔
ڈاکٹر کمار نے کہا کہ یہ اسکیم نافذ نہیں ہو سکی اور زمین پر صفر ہے ۔ اس کی وجہ بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کوئی بھی شخص کنورژن چارج ادا نہیں کرنا چاہتا اور جو لوگ ادا کرنا چاہتے ہیں اس کے لیے بھی ڈی ڈی اے میں اتنا طویل عمل ہے کہ وہ شخص شرائط و ضوابط کو پورا کرنے کے قابل نہیں ہے ۔ لیفٹیننٹ گورنر سے درخواست کی گئی ہے کہ کالونیوں کو اسی طرح ریگولرائز کیا جاسکتا ہے جس طرح دہلی کی غیر مجاز کالونیوں کو کانگریس حکومت کے دوران کنورژن چارجز کے بغیر ریگولرائز کیا گیا تھا اور اس کے علاوہ کوئی دوسرا متبادل نہیں ہے ۔
انہوں نے بتایا کہ دہلی میں تقریباً 1650 کالونیاں ہیں جنہیں 2008 میں کانگریس کے دور حکومت میں پروویزنل سرٹیفکیٹ دیا گیا تھا، جس کے بعد عام آدمی پارٹی اور بی جے پی نے ان کالونیوں میں رہنے والے لاکھوں لوگوں کو ریگولرائزیشن کے نام پر دھوکہ دیا ہے ۔ پارٹی نے ان کالونیوں کو جلد از جلد ریگولرائز کرنے کی درخواست کی ہے ۔