بارباڈوس//
ورلڈ کپ کی فاتح بھارتی ٹیم بارباڈوس سے بھارت کیلئے روانہ ہو گئی۔
بھارتی ٹیم کو بارباڈوس سے خصوصی پرواز کے ذریعے لے جایا گیا، بھارتی کرکٹ ٹیم کل صبح دہلی پہنچے گی۔
واضح رہے کہ بارباڈوس میں سمندری طوفان کی وجہ سے بھارتی ٹیم پھنس گئی تھی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ نے اپنی فاتح ٹیم کے لیے خصوصی طیارے کا بندوبست کیا تھا۔
بھارتی بورڈ نے 20 سے زائد صحافیوں کو بھی چارٹرڈ فلائٹ سے وطن روانگی کی پیشکش کی تھی۔
یاد رہے کہ 29 جون کو بھارت نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد جنوبی افریقا کو 7 رنز سے شکست دے کر ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیت لیا تھا۔
ادھر ٹی -20 ورلڈ کپ جیت کر وطن واپس آرہی ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے وزیر اعظم کی رہائش گاہ پر شاندار استقبال کے بعد ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے ممبئی میں وجے یاترا کی تیاری کی ہے۔
چمپئن ٹیم کو لے کر خصوصی چارٹرڈ طیارہ ‘چیمپئنز ورلڈ کپ 24’ صبح دہلی پہنچے گا۔ ہندستانی ٹیم ایئرپورٹ سے پہلے ہوٹل جائے گی۔ اس کے بعد یہ 11 بجے وزیراعظم کی رہائش گاہ پہنچے گی۔ وزیر اعظم نریندر مودی ذاتی طور پر چیمپئن ٹیم کا استقبال کریں گے۔
بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا کے سکریٹری جئے شاہ نے ایک سوشل پوسٹ میں کہا، "ٹیم انڈیا کے اعزاز میں وکٹری پریڈ میں ہمارے ساتھ شامل ہوں اور جمعرات کو شام 5 بجے میرین ڈرائیو اور وانکھیڑے میں ہمارے ساتھ جشن منائیں۔”
میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بی سی سی آئی کے سینئر نائب صدر راجیو شکلا نے ٹیم کی وطن واپسی کی شاندار تیاریوں کے بارے میں معلومات شیئر کرتے ہوئے کہا، “ہم نے کوئی کسر نہیں چھوڑی ہے۔ طوفان کی وجہ سے چار دن تک پھنسے رہنے کے بعد ٹیم کو خصوصی طیارے کے ذریعے واپس لایا جا رہا ہے۔ ہم ان صحافیوں کو بھی واپس لا رہے ہیں جو تقریب کی کوریج کے لیے وہاں گئے تھے۔
راجیو شکلا نے کہا کہ طیارہ 4 جولائی کی صبح 6 بجے دہلی پہنچے گا۔ صبح 11 بجے وزیراعظم کی رہائش گاہ پر شاندار استقبالیہ کا اہتمام کیا جائے گا۔ جہاں کھلاڑی وزیر اعظم مودی سے ملاقات کریں گے۔ اس کے بعد ممبئی پہنچ کر چمپئن ٹیم نریمن پوائنٹ سے وانکھیڑے اسٹیڈیم تک کھلی بس روڈ شو میں پریڈ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ جیتنے والی ٹیم کے لیے ایک شاندار پروقار تقریب ہوگی اور اس تاریخی کارنامے پر ٹیم کو 125 کروڑ روپے کی انعامی رقم سے نوازا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اگرچہ اس بار روڈ شو نسبتاً چھوٹا ہو گا، جو صرف ایک کلومیٹر پر محیط ہو گا، لیکن یہ ہمارے لیے بڑے فخر اور خوشی کی بات ہے کہ ورلڈ کپ 12 سال کے طویل وقفے کے بعد بالآخر گھر آ رہا ہے۔