نئی دہلی//
حکومت نے ریٹائرڈ انڈین پولیس سروس (آئی پی ایس) افسر اجیت کمار ڈوبھال کو قومی سلامتی مشیر (این ایس اے ) کے طور پر دوبارہ مقرر کیا ہے ۔
جمعرات کو حکومت کی طرف سے جاری کردہ سرکلر کے مطابق کابینہ کی تقرری کمیٹی نے ڈوبھال کو دوبارہ این ایس اے بنانے کی تجویز کو منظوری دے دی ہے ۔ ان کی تقرری کا اطلاق۱۰جون سے ہوگا۔
سرکیولر کے مطابق ان کی مدت وزیر اعظم کی مدت کے ساتھ پوری ہوگی یا کسی دوسرے حکم کے تحت ان کی مدت کو پہلے ختم کیا جاسکتا ہے ۔
ڈوبھال کو این ایس اے کے طور پر کابینہ وزیر کا درجہ حاصل ہوگا۔ ڈوبھال کو۲۰مئی ۲۰۱۴کو وزیر اعظم نریندر مودی کی پہلی میعاد کے دوران این ایس اے بنایا گیا تھا اور انہوں نے انڈین فارن سروس کے سابق افسر شیو شنکر مینن کی جگہ لی تھی۔
ڈوبھال کو۲۰۱۹میں دوسری مودی حکومت میں اس عہدے پر دوبارہ تعینات کیا گیا تھا۔۲۰جنوری۱۹۴۵کو اتراکھنڈ کے پوڑی ضلع کے گھیری گاؤں میں پیدا ہوئے ڈوبھال نے ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر یونیورسٹی آگرہ سے اعلیٰ تعلیم حاصل کی ہے ۔
ڈوبھال، جو کیرالہ کیڈر کے پولیس افسر ہیں، نیشنل انٹیلی جنس بیورو کے چیف بھی رہ چکے ہیں۔
دریں اثنا ڈاکٹر پی کے مشرا کو دوبارہ وزیر اعظم کا پرنسپل سکریٹری بنایا گیا ہے ۔مرکزی کابینہ کی تقرری کمیٹی نے جمعرات کو ان دونوں افسران کی تقرری کو منظوری دی۔
کمیٹی نے انڈین ایڈمنسٹریٹو سروس کے ریٹائرڈ افسران امیت کھرے اور ترون کپور کو بھی وزیر اعظم کے دفتر میں وزیر اعظم کے مشیر کے طور پر مقرر کیا ہے ۔ کھرے اور کپور کی تقرری دو سال کے لیے ہوگی اور مرکزی حکومت کے سکریٹری کے مساوی ہوگی۔