سرینگر//
جموں کشمیر نیشنل کانفرنس کے ترجمان اعلیٰ‘ تنویر صادق نے جاری موسم گرما کے دوران کشمیر میں بجلی اور پانی کے بحران پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عوام کی تکلیف کو کم کرنے کے لئے ان اہم ضروریات کو بڑھانے کی فوری ضرورت پر زور دیا ہے ۔
ایک بیان میں این سی کے ترجمان اعلیٰ نے کہا کہ درجہ حرارت میں اضافے کے بیچ پانی کی قلت اور بجلی کی پریشان کن فراہمی کی وجہ سے عوام کو ہونے والی تکلیف سے راحت دلانے کیلئے کوئی عملی اقدامات نہ ہونے کی وجہ سے صورتحال نے سنگین رخ اختیار کر لیا ہے ۔
ترجمان نے کہاکہ درجہ حرارت بہت زیادہ رہنے کے ساتھ، گھنٹوں طویل اور غیر طے شدہ لوڈ شیڈنگ اور پانی کی شدید قلت نے بڑے پیمانے پر لوگوں کو مسائل و مشکلات میں ڈال دیا ہے ۔ بجلی کی غیر مقررہ کٹوتیوں اور پانی کی قلت سے مایوس، کشمیر بھر سے لوگوں کی طرف سے سڑکوں پر احتجاج کرنے کیلئے نکلنا ایل جی انتظامیہ کے دعوؤں پر سوالیہ نشان لگا رہے ہیں۔
ترجمان نے کہاکہ میٹر والے علاقوں میں۲۴گھنٹے بجلی کی فراہمی کے حوالے سے شہری شفافیت اور موثر حل کا مطالبہ کر رہے ہیں، کیونکہ حکام موسم گرما میں متوقع اضافے کیلئے مناسب تیاری کرنے میں ناکام رہے ہیں۔
صادق نے کہا کہ جن علاقوں میں چند ماہ قبل زور شور سے۲۴گھنٹے بلا خلل بجلی کی فراہمی کے حکمنامے جاری کئے گئے تھے وہ بھی زیادہ دیر نہیں ٹک پائے ، آج ان علاقوں میں بھی بجلی کی آنکھ مچولی جاری رہتی ہے جہاں سمارٹ میٹرنگ اور نئی ترسیلی لائنوں کی تنصیب کا کام مکمل ہوچکا ہے ۔
وادی بھر میں پانی اور بجلی کی فراہمی کے انتظام کو بہتر بنانے کیلئے انتظامیہ پر زور ڈالتے ہوئے صادق نے کہا ’’جیسے جیسے مظاہرے وسیع ہورہے ہیں اور عوامی عدم اطمینان بڑھ رہا ہے ، ایسے میں اس بات کو یقینی بنانے کیلئے مزید مضبوط اور شفاف اقدامات کی اشد ضرورت ہے کہ قابل اعتماد سہولیات کے وعدوں کو پورا کیا جائے ، اور کشمیر کے عوام کو چلچلاتی گرمی میں بجلی اور پانی سے محروم نہ رکھا جائے ۔‘‘