نئی دہلی //)سپریم کورٹ نے فیکٹ چیک یونٹ سے متعلق مرکزی حکومت کے 20مارچ 2024کے نوٹیفکیشن پر جمعرات کو عبوری روک لگادی ۔
چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ ،جسٹس جے بی پاردی والا اور جسٹس منوج مشرا کی بنچ نے اسٹینڈ اپ کامیڈین کنال کامرا اور ایڈیٹرس گلڈ کی عرضی پر سماعت کرتے ہوئے مرکزی حکومت کے الیکٹرانکس اور اطلاعاتی ٹکنالوجی کی وزارت کے ذریعہ جاری نوٹیفکیشن پر عبوری حکم امتناعی نافذ کردیا۔
بنچ نے کہاکہ فیکٹ چیکنگ یونٹ پر مرکزی حکومت کا نوٹیفکیشن بامبے ہائی کورٹ کے عبوری فیصلے کے بیچ آیاہے ۔ایسے میں اس پر ابھی روک لگنی چاہئے ۔سپریم کوٹ نے کہاکہ 2023کی ترمیم کے قانونی جواز کوچیلنج کے تعلق سے کئی سنگین آئینی سوال ہیں ۔
سپریم کورٹ نے کہا، اظہاررائے کی آزادی بنیادی حق ہے اور اس پر ضابطہ 3(1)(بی )(5)کے اثر کا تجزیہ ہائی کورٹ میں ضروری ہے ۔جب تک بامبے ہائی کورٹ میں اس پر سماعت مکمل نہیں ہوجاتی تب تک حکومت کا نوٹیفکیشن ملتوی رہے گا۔