کراچی // ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کی فرنچائزکراچی کنگز کے فاسٹ بولر حسن علی نے کہا ہے کہ قومی ٹیم میں واپس آنے کے لئے یہ ٹورنامنٹ میرے لئے بہت اہم ہے، میرے لئے بہت اچھا موقع ہے کہ پی ایس ایل میں پرفارم کرکے قومی ٹیم میں جگہ بناسکوں۔انہوں نے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کراچی کنگز کی پی ایس ایل نائن کے بقیہ میچوں کے لئے ہفتہ کو پریکٹس سیشن سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ ورلڈ کپ کا سال ہے اور میں ورلڈکپ کھیلنا چاہتا ہوں، عالمی کپ سے پہلے دو سیریز ہیں اس میں بھی پرفارم کرنا چاہتا ہوں، میں چاہتا ہوں ہوں کہ اپنی کارکردگی سے سلیکٹر کی توجہ حاصل کرسکوں۔
انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کے آخری دو میچز ہم بہت کلوز جاکر ہارے ہیں، پی ایس ایل کے اگلے میچ جیتنے کی کوشش کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ اننگز میں انیسواں اور بیسواں اوور بہت اہم ہوتا ہے، ہر ٹیم سے ڈیتھ اوورز میں مس کیلکولیشن ہورہی ہے۔ حسین علی نے کہا کہ کراچی کنگز کی ٹیم کے کچھ پلیئرز وائرل انفیکشن کا شکار ہوگئے تھے، پیٹ کے امراض میں مبتلا تمام کھلاڑی فٹ ہوچکے ہیں تاہم دو کھلاڑی ابھی تک بیماری میں مبتلا ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کیخلاف میچ میں میرحمزہ سمیت چاروں کھلاڑیوں کی کمی محسوس ہوئی، ہم ہارے ضرور ہیں لیکن فائٹ کرکے ہارے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں جیت کر کراچی کے شائقین کو خوشی دینا چاہتے ہیں،(کل) اتوار کو ملتان کیخلاف میچ جیتیں گے۔انہوں نے کہا کہ میچ کے اہم موقع پر کچھ غلطیاں ہورہی ہیں، افتخار احمد فارم میں ہیں انہیں آئوٹ کرنے کیلئے اچھی بولنگ کرنی ہوگی۔
حسن علی نے کہا کہ گرائونڈ میں کنگناتا نہیں لیکن انجوائے ضرور کرتا ہوں۔ یاد رہے کہ حسن علی پی ایس ایل نائن میں ابتک 5 میچوں میں19.2 اوورزمیں 178 رنز کے عوض 8 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں اور ان کا بہترین بالنگ فیگر 30 رنز کے عوض 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کرنا ہے۔ پی ایس ایل نائن کے پوائنٹس ٹیبل پر کراچی کنگز 5 میچ کھیل کر4 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں پوزیشن پر ہے۔