سرینگر//
وزیر اعظم نریندر مودی کے کشمیر دورے کے پیش نظر سیکورٹی‘ انتظامی اور پارٹی سطح پر تیاریاں شروع کی گئی ہیں۔
وزیر اعظم ۷ مارچ کو کشمیر آئیں گے اور شیر کشمیر اسٹیڈئم میں ایک عوامی ریلی سے خطاب کریں گے ۔
اطلاعات کے مطابق وزیراعظم نریندر مودی کے کشمیر دورے کے حوالے سے سیکورٹی اور انتظامی سطح پر تیاریاں شدومدسے جاری ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ چیف سیکریٹری اتل ڈدلونے جمعرات کووزیر اعظم کے دورے کومد نظررکھتے ہوئے آفیسران کے ساتھ میٹنگ کی۔
اس دوران مرکزی وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے جمعرات کوکہاکہ وزیر اعظم نریندر مودی کا کشمیر دورہ غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے۔انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر نریندر مودی کے دل میں ایک خاص مقام رکھتا ہے۔
ان باتوں کا اظہار موصوف نے جموں میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔انہوں نے کہاکہ موجودہ مرکزی حکومت جس کی قیادت نریندر مودی کر رہے ہیں نے پچھلے دس برسوں کے دوران ملک کو بہت کچھ دیا ہے۔
مرکزی وزیر کے مطابق آنے والے پانچ سالوں کے اندراندر بھارت دنیا کی تیسری سب سے بڑی معیشت بن جائے گا۔
دریائے راوی کے پانی کو موڑنے کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں مرکزی وزیر مملکت نے کہاکہ سابقہ حکومتوں نے اس کی اورکوئی توجہ نہ دی۔انہوں نے کہاکہ موجودہ مرکزی حکومت نے اس پر کام شروع کیا اور یہ کہ اس پانی سے چار ہزار ہیکٹر اراضی سیراب ہوگی۔